وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کے جینز پہننے پر پابندی

وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کے جینز پہننے پر پابندی
فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) نے خواتین اساتذہ سے کہا کہ وہ جینز اور ٹائٹس نہ پہنیں اور مرد اساتذہ پر جینز اور ٹی شرٹ پہننے پر پابندی لگا دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تمام پرنسپلز کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے تدریسی اور غیر تدریسی عملہ (مرد اور خواتین دونوں) کو ذاتی حفظان صحت بشمول بال کٹوانے، داڑھی تراشنے، ناخن کاٹنے اور پرفیوم کا استعمال کو یقینی بنائیں۔

ایک مراسلے کے ذریعے ایف ڈی ای نے اسکولوں اور کالجوں کے پرنسپلز کو ہدایت کی کہ وہ ڈریس کوڈ پر عملدرآمد اور عملے کی ذاتی حفظان صحت کو یقینی بنائیں۔

ڈائریکٹر اکیڈمیکس کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہےکہ ’تمام اداروں کے سربراہان/سیکشن انچارج اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ عملہ کا ہر رکن اپنی ظاہری وضع قطع اور ذاتی حفظان صحت کا خیال رکھے گا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ گیٹ کیپرز تجویز کردہ یونیفارم میں ہونا چاہیے اور تمام معاون عملے کو بھی وردی فراہم کی جائے۔

ڈریس کوڈ کی وضاحت کرتے ہوئے مراسلے میں کہا گیا کہ تمام عملہ اداروں، احاطے اور سرکاری اجتماعات، تقریبات اور اجلاس کے دوران باقاعدہ ڈریس کوڈ کو یقینی بنائیں گے۔

پردہ کرنے والی خواتین اساتذہ کو صاف ستھرا اسکارف اور حجاب پہننے کی اجازت ہوگی۔ خواتین اساتذہ سینڈل اور اسنیکر پہن سکتی ہیں جبکہ سلیپر پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح مرد اساتذہ کو سردیوں میں گرم چادر پہنے کی اجازت نہیں ہوگی بلکہ سردیوں میں خوبصورت رنگ اور ڈیزائن کے سوئیٹر، کوٹ اور جرسی پہن سکیں گے۔

وفاقی نظامت تعلیمات نے ایریا ایجوکیشن افسران کو ڈریس کوڈ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مرد اساتذہ شلوار قمیض کے ساتھ ویسکوٹ پہنیں۔ کلاس میں اساتذہ ٹیچنگ گاؤن اور لیبارٹری میں لیب کوٹ پہنیں۔