دلوں کو تھام کر رکھیں، اب فواد عالم کے لئے تالیاں تو بجیں گی لیکن میدان میں نہیں ڈرائینگ روم میں۔ دیوقامت سکرین کے سامنے بیٹھ کر ان کی نئی فنکارانہ صلاحیتوں کو دیکھنے کے بعد۔ باؤلرز کو تگنی کا ناچ نچانے والے فواد عالم اب خود ہیروئن کے اشاروں پر رقص کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ بلا تھامنے کے بجائے ہیروئن کا ہاتھ تھام کر سماج کی ہر دیوار کو گرانے کی فکر انہیں ستائے گی۔ کیونکہ کرکٹر کا ہیرو والا یہ نیا روپ سب کو چونکانے کے لئے تیار ہے۔ جو سکرین پر ہیرو بن کر کھیلیں گے پیار کی بازی۔
پرستاروں کے لئے یہ خاصی خوشی کی خبر بن گئی ہے کہ فواد عالم نے کرکٹ کے بعد اب اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا ہے۔ فلموں کی ویب سائٹ ’اردو فلکس‘ پر فواد عالم کی یہ ویب سیریز ’خود کش محبت‘ بہت جلد جاری کی جا رہی ہے جس میں وہ رومانی مکالمات بولیں گے، المیہ اور غمگین اداکاری کریں گے جب کہ ایکشن اور ایڈونچر بھی دکھا کر چاہنے والوں کی تعداد میں اضافہ کریں گے۔ فواد عالم کی اس ویب سیریز ’خو د کش محبت‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ جس نے آتے ہی تہلکہ مچا دیا ہے۔
ہدایتکار راؤ ایاز شہزاد کی اس تخلیق کی کہانی روایتی پیار و محبت کے گرد ہی گھومتی ہے۔ جس میں امیری غریبی کا تڑکا لگایا گیا ہے۔ فواد عالم، احمد کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور والد صاحب جہاں ڈرائیونگ کرتے ہیں، احمد میاں ان کی ہی صاحبزادی زیب سے دل لگا بیٹھتے ہیں اور پھر جناب انا اور احساس برتری کی جنگ کا آغاز ہوتا ہے، جس کے ہر موڑ پر ایکشن اور ہنگامہ ہی ہنگامہ ہے۔ فواد عالم جذباتی اور رومانی انداز میں پیار کو پانے کی جستجو کریں گے اور پھر جب بات نہیں بنے گی تو ہر ظلم سے ٹکرانے کے لئے کمر کس لیں گے۔ سماج کی زنجیروں کی قید میں جکڑی محبت کو پانے کی تڑپ ہوگی ایسی کہ جس کے سامنے پہاڑ بھی ریزہ ریزہ ہوتے چلے جائیں گے۔
سوشل میڈیا پر تو فواد عالم کی ہی اس ’خود کش محبت‘ کا چرچا ہے۔ فواد عالم جو اس سے قبل پی ٹی وی کے ڈراما سیریل ’گھر داماد‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، انہوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ناصرف ٹریلر اپ لوڈ کیا بلکہ ساتھ ساتھ اس توقع اور امید کا بھی اظہار بھی کیا کہ ان کی یہ کاوش ان کے مداحوں کو اُسی طرح پسند آئے گی، جس طرح وہ ان کی بیٹنگ کو سراہاتے ہیں۔
فواد عالم کی اس فلم کے ٹریلر کو دیکھنے کے بعد اس بات کا احساس ہوتا ہے کہ مانا کہ موضوع وہی گھسا پٹا ہے لیکن ڈائریکشن اور ایکشن کی وجہ سے یہ کامیاب ضرور ہو جائے گی۔ بالخصوص فواد عالم جو چاہنے والوں کا ایک وسیع حلقہ رکھتے ہیں، وہ یہ جاننے کے لئے ضرور ’خود کش محبت‘ کا نظارہ کریں گے کہ ان کے من پسند کرکٹر نے کہاں تک بہترین اداکاری دکھائی ہے۔ ٹریلر میں انہوں نے دم دار مکالمات تو ادا کیے ہیں اور کچھ ایسے بھی جن پر تالیاں بجنا تو بنتا ہے۔
فواد عالم کی اس نئی اننگز پر ان کے ساتھی کرکٹرز بھی خاصے پرجوش اور خوش نظر آ رہے ہیں جنہوں نے ٹوئٹر پر ہی فواد عالم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ سابق کپتان سرفرا ز احمد نے ٹریلر شیئر کرنے کے ساتھ یہ بھی لکھا کہ فواد عالم بہت اوپر جائیں گے۔ فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ٹریلر دیکھ کر خوش گوار حیرت کا اظہار کیا ہے۔ ایک اور کرکٹر عتیق الزماں نے لکھا کہ وہ اس فلم کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔ سہیل تنویر نے ٹوئیٹ کیا کہ میرا ہیرو بھائی۔ بلال آصف نے نیک تمناؤں کااظہار کیا۔ ان تعریفوں اور نیک خواہشات کے ساتھ ساتھ کچھ ایسے بھی ہیں جو تنقید کر رہے ہیں۔ جیسے کسی نے لکھا کہ کرکٹ پر ہی فوکس رکھتے تو بہتر تھا، اداکاری کے لئے ہمارے پاس ہمایوں سعید کافی ہیں۔ کوئی بولا کہ چہرہ تو اداکاروں والا ہے، امید ہے اچھی اداکاری بھی کرتے ہوں گے۔ ایک صارف نے لکھا کہ کیا بات ہے فواد بھائی یعنی کرکٹ کے بعد اب اداکاری میں ریکارڈز کے انبار لگائیں گے۔
فواد عالم اس ’خود کش محبت‘ کے ذریعے کیا گل کھلاتے ہیں، اس تجربے کے بعد اداکاری سے کان پکڑیں گے یا پھر اسی طرح میدان کے باہر اعلیٰ اداکاری کے چھکے چوکے مار کر خود کو ممتاز بنائے رکھیں گے، اس کا علم تو اس ویب سیریز کے جاری ہونے کے بعد ہوگا۔ فی الحال آپ ٹریلر دیکھیے:
https://www.youtube.com/watch?v=YwqYIUBAWJE&t=22s