Get Alerts

بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان پر کرپشن کے الزامات، شوہر احسن جمیل گجر کا شدید ردعمل

بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان پر کرپشن کے الزامات، شوہر احسن جمیل گجر کا شدید ردعمل
خاتون اول بشریٰ بی بی کی سہیلی ف فرح خان کے شوہر نے اپنی اہلیہ پر لگائے گئے کرپشن کے تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو عمران خان کیخلاف کچھ نہ ملا تو میرے خاندان کو نشانہ بنا کر نیا کیس بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

احسن جمیل گجر کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی تمام جائیداد کو ڈکلئیر کیا ہوا ہے۔ ہم نے خود ایف بی آر، حکومت اور الیکشن کمیشن کو اپنی تمام پراپرٹیز کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔ ہم نے متعلقہ اداروں کو تمام منی ٹریل اور ثبوت فرام کئے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایسی ٹرانسفر نہیں جو بینک ٹرانزیکشن کے ذریعے نہ ہوئی ہو۔ ہم نے کوئی بلیک منی کا استعمال نہیں کیا۔ عدالتوں سے سزا یافتہ لوگ ہم بے گناہوں پر الزام تراشیاں کر رہے ہیں۔


انہوں نے الزام لگایا گیا کوئی ڈی سی یا کمشنر چھ مہینے سے زیادہ نہیں رہ سکتا ، اگر تین تین کروڑ لے کر ڈی سی یا کمشنر لگائے جائیں تو کیا انہیں چھ مہینے کوئی بدل سکتا ہے؟ ہم پر جو ڈپٹی کمشنرز کا الزام لگایا ہے، کل جو بچے ڈی سی بننا چاہیں، وہ کیا سوچیں گے کہ ڈی سی تین تین کروڑ میں فروخت ہوتے ہیں؟

فرح خان کے شوہر کا کہنا تھا کہ ہم واپس آئیں گے اور الزام لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔ بلاول اور آصف زرداری بھی ہمارے خلاف بول رہے ہیں جو خود شہید بینظیر بھٹو پر لگنے والے الزامات کی مذمت اور دفاع کرتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان نے اپنے اوپر لگائے تمام الزامات کی تردید کردی

دوسری جانب فرح خان نے کہا کہ میں اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کرتی ہوں۔ نہ میرا سیاست سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی میں نے سرکاری معاملات میں مداخلت کی، جن لوگوں کو میرے ساتھ منسوب کیا گیا وہ بھی اس کی تردید کر چکے ہیں۔

فرح خان نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک سٹوری شئیر کی جس میں لکھا کہ میں اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کرتی ہوں۔ نہ میرا سیاست سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی میں نے سرکاری معاملات میں مداخلت کی۔ میرے کردار کے اوپر غلیظ کیچڑ اچھالنے والوں کی اپنی بہن بیٹیاں ہیں، میرے بزنس کے بارے میں میرے شوہر پہلے ہی وضاحت دے چکے ہیں۔

فرح خان نے مزید لکھا کہ جن لوگوں کو میرے ساتھ منسوب کیا گیا وہ بھی اس کی تردید کر چکے ہیں۔ میری فیملی ان الزامات کو سن کر سکتے اور صدمے کی کیفیت میں ہے ، خدارا مجھے اور میرے خاندان پر سنی سنائی باتوں پر بدنام نہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان پر مبینہ کرپشن کے الزامات اِن دنوں زبان زد عام ہیں۔

اپوزیشن ہی نہیں، گھر کے بھیدی عبدالعلیم خان بھی کرپشن کی کہانیاں سناتے دکھائی دیتے ہیں، اُدھر پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے سے پہلے ہی فرح خان اور ان کے شوہر چپکے سے ملک سے نکل گئے۔

خاتون اول کے بیٹے موسیٰ مانیکا کا کہنا ہے کہ فرح خان نے وزیر اعظم اور میری والدہ کے ساتھ اچھا نہیں کیا۔

https://twitter.com/farahkhan_92/status/1512192236284391447?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1512192236284391447%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.nayadaur.tv%2Fnews%2F84171%2Ffarah-khan-denied-all-the-allegations-of- corruption-against-her%2F

فرح خان پر مبینہ کرپشن کےالزامات کی باز گشت، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی کہہ چکی ہیں کہ فرح خان نے پنجاب میں تقرر و تبادلوں کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا۔

پنجاب کے سابق سینئر وزیر، پی ٹی آئی کے منحرف رہنما عبدالعلیم خان کہتے ہیں کہ فرح خان تقرر وتبادلوں کے عوض بھاری رقوم بٹورتیں، انہوں نےکئی بار شکایات بھی کیں، مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مفتاح اسماعیل کہتےہیں کہ فرح خان خاتون اول کی دوست اور کسی کی فرنٹ ویمن تھیں، وہ پنجاب کے جہاز پر دبئی روانہ ہوئیں، ان کے ہاتھ میں جو بیگ تھا، اس کی قیمت 90 ہزار ڈالر سے زائد ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار عمران خان کے لئے پیسے اکٹھے کرتے جبکہ فرح خان بھی اس جرم میں برابر کی شریک تھیں۔ فرح خان پر کرپشن کے الزامات کو ان کے گاؤں موضع گھنگ میں وسیع ترقیاتی کام دیکھ کر مزید تقویت ملتی ہے۔

ضلع شیخوپورہ کے اس دور دراز گاؤں کی چند سال میں ہی قسمت بدل گئی، موضع گھنگ کے ارد گرد سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کرتی ہیں جبکہ موضع گھنگ میں کارپٹڈ سڑک سمیت دیگر تمام سہولتیں موجود ہیں۔

پی ٹی آئی حکومت جاتی دیکھ کر پوچھ گچھ سے بچنے کیلئے فرح خان 3 اپریل کی صبح ہی چپکے سے دبئی روانہ ہو گئیں، جبکہ ان کے شوہر احسن جمیل31 مارچ کو ہی امریکا جا چکے ہیں۔