Get Alerts

دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف سی ٹی ڈی کا کردار قابل ستائش ہے: آئی جی پنجاب

دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف سی ٹی ڈی کا کردار قابل ستائش ہے: آئی جی پنجاب
پنجاب کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس عثمان انور کا کہنا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے میں سی ٹی ڈی کا کردار اور قربانیاں قابل ستائش ہیں۔

آئی جی پنجاب نے محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) ہیڈکوارٹرز پنجاب کا دورہ کیا۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے مشن کو نئے عزم و ولولے سے تیزی لاتے ہوئے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کرکے انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے سلسلے میں وضع کیے گئے قوانین کے خلاف ورزی پر سخت قانونی کاروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی جاری رکھی جائے۔ دہشت گردی، فرقہ واریت، نقص امن اور انتہا پسندی میں ملوث عناصر کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

آئی جی پنجاب نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ٹیموں کو جدید وسائل اور سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ جس طرح آپ نے سال رواں میں 300 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 70 دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔ وہ قابل ستائش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سماج دشمن عناصر سے مڈھ بھیڑ میں 4 خطرناک دہشت گرد منطقی انجام کو پہنچے۔ موثر کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔

آئی جی پنجاب نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز میں مختلف شعبوں کی ورکنگ کا جائزہ بھی لیا۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔