Get Alerts

پاکستانیوں اپنے وجود کا احساس نہ دلایا تو ویسے مٹہی جاؤ گے، فواد چوہدری

پاکستانیوں اپنے وجود کا احساس نہ دلایا تو ویسے مٹہی جاؤ گے، فواد چوہدری
کل 7 اگست بروز بدھ قومی اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر دھواں دار تقریر کرنے والے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ٹویٹر پر بھی سرگرم، آج کشمیر جل رہا ہے امریکہ کیا کہتا ہے، عرب کیا کرتے ہیں یہ چھوڑو تم کیا کرتے ہو اہم ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے، بھارتی اقدامات کی مذمت کرنے کیساتھ ساتھ وہ اپنی ہی حکومت سے سخت اقدامات اٹھانے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ "ظلم رہے اور امن بھی ہو، کیا ممکن ہے تم ہی کہو، مقبوضہ کشمیر میں بدترین مارشل لا مسلط ہے ہر آٹھ کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی مسلط ہے، تحریر کی آزادی ہے نہ تقریر کی، انٹرنیٹ معطل ہے تمام کشمیری لیڈر شپ قید و بند میں ہے، ان حالات میں کیا بات چیت ہونی ہے۔"



ایک دوسری ٹویٹ میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے لکھا کہ " پاکستانیوں اپنے وجود کا احساس نہ دلایا تو ویسے ہی مٹ جاؤ گے، مسئلہ کشمیر کا نہیں مملکت پاکستان کے وجود کا ہے، آج کشمیر جل رہا ہے امریکہ کیا کہتا ہے، عرب کیا کرتے ہیں یہ چھوڑو تم کیا کرتے ہو اہم ہے، مٹ جائیگی مخلوق تو انصاف کرو گے، منصف ہو تو حشر اٹھا کیوں نہیں دیتے"



فواد چوہدری نے بدھ 7 اگست کو اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بھی سخت مؤقف اپنایا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ اپنی سیاست کے پیچھے ہمارے بچوں کی بے حرمتی نہ کریں، کل جو ہوا اور آج جو ہو رہا ہے، پیغام اچھا نہیں جارہا۔ ہمیں فوری طور پر بھارت سے سفارتی تعلقات ختم کرنے چاہئیں، کشمیر کو فلسطین نہیں بننے دیں گے، جنگ مسلط ہوئی تو کشمیر کے لیے کٹ مریں گے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ کل عمران خان نے کہا کیا میں بھارت پر حملے کا حکم دے دوں، اس وقت شہباز شریف اور بلاول کو کھڑے ہو کر کہنا چاہیے تھا، قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں، یہ تاثر نہیں دینا چاہیے کہ ہم کوئی جنگ لڑنے سے بھاگ رہے ہیں۔