وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک بار پھر اپنی حکومت کے ایک اور اقدام کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جنگ اور جیو کے مالک میرشکیل الرحمان کے خلاف بنایا گیا کیس انتہائی کمزور ہے اور سینسرشپ کا یہ اقدام کسی صورت نہیں ہونا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ کیس ذاتی طورپردیکھا ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام ہوسٹ اور صحافی محمد مالک سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ میر شکیل الرحمان کے خلاف کیس بہت کمزور ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک وہ وزیراطلاعات رہے سینسرشپ نہیں ہونے دی، بات چیت بھی ہوتی تھی، جھگڑے بھی کرتا تھا اگر اختلاف ہے تب بھی آپ اداروں کو تباہ نہیں کرتے، ملکوں کو اداروں کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈان اور جنگ جیو جیسے ادارے ایک دو روز میں نہیں بنتے۔ ستر ستر سال لگ جاتے ہیں ان اداروں کو کھڑا ہونے میں۔ کبھی بھی اپنی پسند نہ پسند پر ادارے تباہ نہیں ہونے چاہئیں۔