نواز شریف کا ہر فیصلہ قبول ہے، ن لیگ کی سی ای سی کا مکمل اعتمادکا اظہار

نواز شریف کا ہر فیصلہ قبول ہے، ن لیگ کی سی ای سی کا مکمل اعتمادکا اظہار
مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) نے پارٹی قائد نواز شریف پر مکمل اعتمادکا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت پارٹی قائد نواز شریف نے لندن سے اور پارٹی صدر شہبازشریف نےلاہور سے کی۔

ورچوئل اجلاس میں ن لیگ کی سینیئر قیادت، مرکزی عہدیدار اور صوبائی پارٹی صدور نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق سی ای سی نے نوازشریف کےفیصلوں کی توثیق کردی، شرکاء کا کہنا تھا کہ عمران خان سے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے چھٹکارا حاصل کیاجائے، جو بھی نواز شریف کا فیصلہ ہے ہمیں قبول ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ شرکاء نے کہا کہ جو بھی آئینی و قانونی طریقہ کار استعمال ہوپارٹی کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

لندن میں مسلم لیگ ن کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن ظالم حکمران سے عوام کو نجات دلانے کا فریضہ ادا کرے گی، مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کی مت مار دی ہے، ایسے حالات میں کون پاکستانی ہے جو عمران خان سے نجات نہیں چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اس وقت پاکستان ایسا حال کردیا ہے کہ غریبوں کے بچوں کو بھوکا مار دیا لوگوں کو روٹی سے ترسا دیا ہے، پاکستان کو پوری دنیا میں تماشا بنا دیا ہے، اورپاکستان کو کرپٹ ترین ملک قرار دیا گیا ہے، ایسے حالات میں کون پاکستانی ہے جو عمرا ن خان سے نجات حاصل نہیں کرنا چاہتا، مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کی مت مار دی ہے، آج مسلم لیگ ن کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہواہے اس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن اس ظالم حکمران عمران خان سے جان چھڑانے کیلئے آگے قدم بڑھائے گی،یہ عین وقت کی ضرورت ہے، میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان میں اس سے بڑھ کر کسی کام کی اہمیت نہیں ہے، سب سے اہم کام یہی ہے کہ ایسے ظالم حکمران سے عوام کو نجات دلائی جائے، انشاء اللہ مسلم لیگ ن یہ فریضہ ادا کرے گی۔