ایم کیوایم رہنماؤں کی مسلم لیگ ق کی قیادت سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر بات چیت

ایم کیوایم رہنماؤں کی مسلم لیگ ق کی قیادت سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر بات چیت
ایم کیوایم کے رہنماؤں وسیم اختر اور عامر خان نے مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی جس کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال اورحکومتی اتحاد پر بات چیت ہوئی۔

ایم کیوایم کا سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتوں کا مشن، ایم کیو ایم رہنماوں کی چودھری شجاعت سے ملاقات کے دوران چودھری پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور طارق بشیر چیمہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کی قیادت نے سیاسی صورتحال میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی۔

ایم کیو ایم رہنماؤں نے دیگر جماعتوں کی قیادت سے اپنی ملاقاتوں پر چودھری برادران کو اعتماد میں لیا جبکہ چودھری برادران نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقات میں زیر بحث آنے والے موضوعات کے حوالے سے مہمان رہنماؤں کو آگاہ کیا۔

دوسری جانب شہباز شریف سے آج ایم کیو ایم کا وفد ملاقات کرے گا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہےکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) کا وفد آج ملاقات کرے گا۔

مریم اورنگزیب نے بتایاکہ ملاقات آج سہہ پہر ساڑھے تین بجے شہبازشریف کی ماڈل ٹاؤن میں رہائش گاہ پر ہو گی۔

مسلم لیگی ترجمان کا کہنا ہےکہ ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان، پارٹی رہنما وسیم اختر کے ہمراہ شہبازشریف سے ملاقات کریں گے، قائدین ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔