کشیدہ سیاسی صورتحال، حکومتی اتحادی ق لیگ اور ایم کیو ایم کے درمیان اہم ملاقات

کشیدہ سیاسی صورتحال، حکومتی اتحادی ق لیگ اور ایم کیو ایم کے درمیان اہم ملاقات
حکومتی اتحادی (ق) لیگ اور ایم کیو ایم کے درمیان اہم ملاقات جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی گزشتہ روز ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کے بعد آج حکومت کی دو اہم اتحادی جماعتوں کے درمیان بھی ملاقات جاری ہے۔

مسلم لیگ (ق) کا وفد پارلیمنٹ لاجز میں وفاقی وزیر امین الحق کی رہائش گاہ پہنچا جس میں وفاقی وزرا مونس الٰہی اور طارق بشیر چیمہ شامل تھے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ (ق) لیگ اور ایم کیو ایم رہنماؤں کی ملاقات میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق مشاورت کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادیوں نے تمام معاملات میں ایک دوسرے سے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا ہے۔

اس سے قبل مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم کی قیادت کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں پیدا شدہ سیاسی صورتحال اور عدم اعتماد کی تحریک کے معاملات پر مشاورت ہوئی، اور دونوں حکومتی اتحادیوں نے مشاورت سے حکمت عملی مرتب کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ق اور ایم کیوایم کی قیادت سے وزیر اعظم عمران خان الگ الگ ملاقات کر چکے ہیں، اور ایم کیو ایم کی قیادت لاہور میں چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہی سے ملاقات کر چکی ہے۔