ملک بھر کے مختلف پولنگ سٹیشنز پر جھگڑے، متعدد افراد زخمی

ملک کے زیادہ تر پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے جاری ہے تاہم بعض مقامات پر پولنگ عملے اور پولنگ ایجنٹس کے نہ پہنچنے کے باعث پولنگ کے عمل میں تاخیر کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

ملک بھر کے مختلف پولنگ سٹیشنز پر جھگڑے، متعدد افراد زخمی

پاکستان بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8 بجے سے ہو رہی ہے اور مختلف حلقوں سے لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ چاروں صوبوں میں کہیں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان آپس میں لڑ پڑے اور کہیں کچھ لوگوں نے پولنگ سٹیشن پر حملہ کر دیا۔ ان واقعات میں ملک بھر سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات آ رہی ہیں۔

ملک کے زیادہ تر پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے جاری ہے تاہم بعض مقامات پر پولنگ عملے اور پولنگ ایجنٹس کے نہ پہنچنے کے باعث پولنگ کے عمل میں تاخیر کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ پولنگ سٹیشن پر لڑائی جھگڑے کے واقعات ان حلقوں میں پیش آئے ہیں؛

صوبہ پنجاب

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 تلہ گنگ میں سیاسی جماعت کے کیمپ پر دو گروہوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ پولنگ سٹیشن کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد ریٹرننگ افسر نے پولنگ کا عمل روک دیا جبکہ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا ہے۔

گوجرانوالا کے حلقہ این اے 79 میں گورنمنٹ ہائی سکول واہنڈو پولنگ سٹیشن پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا۔ جھگڑے میں ن لیگ کا ایک کارکن زخمی ہو گیا۔

صادق آباد میں چک نمبر 171 کے پولنگ سٹیشن پر بھی دو سیاسی جماعتوں میں جھگڑے کے دوران ڈنڈے لگنے سے 5 افراد زخمی ہو گئے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

خوشاب کے ایک پولنگ سٹیشن پر کچھ افراد نے حملہ کر دیا۔ ڈنڈا بردار لوگوں نے بیلٹ باکس توڑ دیے، انتخابی عملے کو ڈرایا دھمکایا اور ووٹرز کو بھی ہراساں کیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیو میں مقامی لوگ اس حملے کا الزام ن لیگ پر عائد کر رہے ہیں۔

صوبہ بلوچستان

صوبہ بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں حلقہ پی بی 13 نصیرآباد ون میں پولنگ سٹیشن جاگن خان عمرانی میں پیپلز پارٹی اور آزاد امیدوار کے حامیوں میں جھگڑا ہوا۔ پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جھگڑے کے باعث پولنگ کا عمل کچھ دیر متاثر رہا۔

صوبہ خیبر پختوںخوا

صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں بھی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 41 شاہ حسن خیل کے میر ولی پولنگ سٹیشن پر دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے۔ تصادم کے باعث متعلقہ پولنگ سٹیشن پر ووٹنگ کا عمل رک گیا۔

صوبہ سندھ

صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں بھی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 220 میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنان سینٹ بوناوینچر سکول پولنگ سٹیشن میں آمنے سامنے آ گئے۔ دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا اور فائرنگ کی جس کے باعث پولنگ کا عمل رک گیا۔