وفاقی وزیر برائے ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ترجمان وزارت ریلوے کے مطابق شیخ رشید میں بظاہر کرونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر نے انہیں 2 ہفتے تک خود ساختہ قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد شیخ رشید آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شیخ رشید کو فون کیا اور کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس دوران انہوں نے شیخ رشید کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
شیخ رشید نے بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں اور ان کی جانب سے نیک تمناؤں اور دعاؤں پر شکریہ ادا کیا۔
وزیر ریلوے سے قبل آج ہی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔
خیال رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہے، یہ وائرس نہ صرف عام لوگوں کو متاثر کر رہا ہے بلکہ سیاستدان بھی اس میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں متعدد سیاستدان اور اہم شخصیات کرونا وائرس میں مبتلا ہوچکی ہیں جبکہ کچھ کا اس کے باعث انتقال بھی ہوچکا ہے۔