'فوج کو اعتماد نہیں، عمران خان کو بنی گالا نہیں منتقل کیا جائے گا'

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو امریکہ میں سفیر لگائے جانے کی تجویز ہے اور شاید وہ خود بھی یہی چاہ رہے ہیں۔ اسحاق ڈار پر اسٹیبلشمنٹ کا بہت بڑا اعتراض تھا اسی وجہ سے انہیں وزیر خزانہ نہیں لگایا جا رہا۔ انہیں وزیر خارجہ بنانے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔

'فوج کو اعتماد نہیں، عمران خان کو بنی گالا نہیں منتقل کیا جائے گا'

بعض سابق فوجی افسران، خصوصاً ایک ریٹائرڈ جنرل صاحب اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان کے مابین تنازعہ ختم کروانے کی کوشش میں ہیں۔ عمران خان کے وکلا کے ذریعے فوج ان سے بات چیت بھی کر رہی ہے۔ عادل راجہ اور حیدر مہدی سے عمران خان نے اسی تناظر میں لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ اگر عمران خان اسٹیبلشمنٹ کی ہدایات پر عمل کرتے رہے تو اڈیالہ جیل سے بنی گالا منتقل ہو سکتے ہیں مگر فوری طور پر ایسا ہوتا نظر نہیں آ رہا کیونکہ فوج کو عمران خان پر اعتماد نہیں ہے۔ یہ کہنا ہے اعزاز سید کا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں انہوں نے کہا لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو امریکہ میں سفیر لگائے جانے کی تجویز ہے اور شاید وہ خود بھی یہی چاہ رہے ہیں۔ جب نئے ڈی جی آئی ایس آئی آ جائیں گے تو شاید ندیم انجم کو امریکہ بھجوا دیا جائے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ملٹری لیڈرشپ سویلین قیادت سے مشاورت کے بعد ہی کرے گی۔ اسحاق ڈار پر اسٹیبلشمنٹ کا بہت بڑا اعتراض تھا اسی وجہ سے انہیں وزیر خزانہ نہیں لگایا جا رہا۔ انہیں وزیر خارجہ بنانے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔

اعجاز احمد کے مطابق پی ٹی آئی کے اندرونی حلقوں نے تصدیق کی ہے کہ ان کی جانب سے کوشش جاری ہے کہ عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے مابین دوریاں ختم کروائی جا سکیں لیکن اسٹیبلشمنٹ انہیں ہاتھ نہیں پکڑا رہی۔ فوج 9 مئی کو کسی صورت بھولنے کو تیار نہیں۔ اڈیالہ جیل میں دہشت گرد حملے کی کوشش عمران خان کو جھکانے کی کوشش ہے۔ امکان ہے اسی کو جواز بنا کر عمران خان کو اڈیالہ جیل سے بنی گالا یا کہیں اور منتقل کر دیا جائے گا۔

میزبان مبشر بخاری تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔