نیوزی لینڈ اور افغانستان کے اہم میچ سے کچھ ہی گھنٹے قبل گرائونڈ کے پچ کیوریٹر اپنی رہائشگاہ پر مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کے عالمی ایونٹ میں اہم کرکٹ آفیشل کی موت نے سنسنی دوڑا دی ہے۔
آنجہانی موہن سنگھ کا تعلق انڈیا سے تھا اور وہ گزشتہ 15 سالوں سے ابوظہبی کرکٹ سٹیڈٰیم میں پچ کیوریٹر کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
متحدہ عرب امارات کی پولیس اور دیگر خفیہ اداروں نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوران ابوظہبی کے شیخ زاید کرکٹ سٹیڈیم کے پچ کیوریٹر موہن سنگھ کی پرسرار موت کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری بیان میں میں پچ کیوریٹر موہن سنگھ کی اچانک موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے جبکہ ابوظہبی کرکٹ سٹیڈیم کی انتظامیہ نے بھی ان کی خدمات کو بھرپور طریقے سے سراہتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آنجہانی کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
https://twitter.com/AbuDhabiCricket/status/1457335327790702601?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1457335327790702601%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fpublicnews.com%2F51591%2F
موہن سنگھ 2004ء میں یو اے ای منتقل ہوئے جہاں وہ امارات کرکٹ بورڈ سے منسلک ہوئے اور مختلف گراؤنڈز کی پچیں بنانے کا کام کرتے رہے۔ بعد ازاں ابوظہبی انٹرنیشنل سٹیڈیم کی تعمیر ہوئی تو وہ اس سے منسلک ہوگئے۔
انہوں نے موجودہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء میں ابوظہبی میں منعقد ہونیوالے تمام میچوں کی پچ بنائی تھی۔ گزشتہ روز اتوار کو ہونیوالے افغانستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کیلئے پچ کی تیاری بھی انہوں نے ہی کی تھی۔
پولیس کی جانب سے ابتدائی تفتیش میں کہا گیا ہے کہ موہن سنگھ کی موت جس طرح سے ہوئی اس سے لگتا ہے کہ موہن سنگھ نے خود کشی کی، تاہم دیگر پہلوئوں پر بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔
یہ بات ذہن میں رہے کہ ورلڈ کپ میں کسی کرکٹ آفیشل کی یہ دوسری موت ہے۔ اس سے قبل ورلڈ کپ 2007ء میں آئرلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی شرمناک شکست کے بعد پاکستانی کوچ باب وولمر کی پراسرار موت ہوئی تھی، جس کا راز آج تک نہیں کھل سکا۔