Get Alerts

پارٹی فیصلوں سے اختلافات، مصطفیٰ نواز کھوکھر نے سینیٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا

پارٹی فیصلوں سے اختلافات، مصطفیٰ نواز کھوکھر نے سینیٹ سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے سینیٹ سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

بروز منگل چند سلسلہ وار ٹویٹس میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نےمستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ آج پارٹی کے ایک سینئر رہنما سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت میرے سیاسی عہدوں سے خوش نہیں اور سینیٹ سے میرا استعفیٰ چاہتی ہے۔ میں بخوشی استعفیٰ دینے پر راضی ہوگیا۔

مصطفی نواز کھوکھر نے مزید کہا کہ ایک سیاسی کارکن کی حیثیت سے میں  مفاد عامہ کے معاملات پر اپنی رائے کا اظہار کرنے میں خوشی محسوس کرتا ہوں۔ سندھ سے سینیٹ کی نشست دینے پر پارٹی قیادت کا مشکور ہوں۔ اختلافات سے قطع نظر، ان کے ساتھ ایک شاندار سفر رہا ہے اور ان کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔

انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ انشااللہ کل چیئرمین سینیٹ کو ذاتی طور پر اپنا استعفا پیش کروں گا۔

واضح رہے کہ مصطفی نواز کھوکھر  نے 5 نومبر کو ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ اعظم سواتی کے کا یہ کلپ چیئرمین سینیٹ اور تمام پارلیمان کے منہ پر طمانچہ ہے، کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ ہماری انٹیلیجنس والے اس حد تک بے غیرت ہو جائیں گے اور ہماری دینی، معاشرتی اخلاقیات کی اس طرح دھجیاں بکھیر دیں گے، کسی کی عزت نفس محفوظ نہیں، خدا کی لعنت ہو ان لوگوں پر۔