وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ فواد چوہدری کو دوسروں کی وزارتوں میں منہ مارنے کی عادت ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ فواد چوہدری نے اپنے طور پر ٹارزن بننے کی کوشش کی ہے لیکن انہیں اپنے کام سے کام رکھنا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم سے فواد چوہدری کے بارے میں بات کروں گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا میرا کام تھوڑی ہے کہ لائیو پروگرام میں فوادچوہدری کو ڈسکس کروں۔ فواد چوہدری کی عادت ہے، کوئی بات نہیں وہ میرا دوست ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم نے اجازت دی کہ آخری ٹرین جانے دیں اور منظوری سے ہی سمجھوتا ایکسپریس بند کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا سمجھوتا ایکسپریس بند رہے گی کوئی نہیں چلا سکتا! تھر ایکسپریس بند کر رہا ہوں کسی میں ہمت ہے تو چلاکر دکھائے۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر سمجھوتہ ایکسپریس کے بعد تھر ایکسپریس بھی بند کرنے کا اعلان کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایک ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ ریلوے کے وزیر نہیں کر سکتے، اس معاملے پر فیصلہ وزارت خارجہ اور نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے کرنا ہے۔