جب تک میں وزیر ریلوے ہوں سمجھوتہ ایکسپریس نہیں چل سکتی، شیخ رشید

جب تک میں وزیر ریلوے ہوں سمجھوتہ ایکسپریس نہیں چل سکتی، شیخ رشید
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارت کے غیر ذمہ دارانہ فیصلے پر سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جب تک میں وزیر ریلوے ہوں سمجھوتہ ایکسپریس نہیں چل سکتی، یہ ٹرین ہفتے میں دو دن چلتی تھی، اب سمجھوتہ ایکسپریس کی بوگیاں عید کی چھٹیوں پر دیگر ٹرینوں میں لگائی جائیں گی۔



انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر سے متعلق عالمی اداروں کی قرارداد کو تہہ و بالا کردیا، بھارت نے شملہ معاہدے کو بھی تہہ و بالا کر دیا، بھارت نے لائن آف کنٹرول کے معاہدے کی بھی خلاف ورزی کی ہے، ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے سفاکانہ، ظالمانہ، مجرمانہ اور غیر ذمہ دارانہ فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔



ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جو کچھ کیا وہ سوچی سمجھی سازش اور اس کا ایجنڈا ہے، یہ بہت پرخطر سال ہوگا جس میں جنگ بھی ہو سکتی ہے، ہم کسی قیمت پر جنگ کی طرف نہیں جانا چاہتے لیکن کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے جبکہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو یہ آخری جنگ ہوگی۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ کشمیری اور پاکستانی کا دل ایک ساتھ دھڑکتا ہے، پاک فوج نے کہا ہے ہم کشمیر کے لیے آخری حد تک جائیں گے، میں کشمیر کو اندر سے جانتا ہوں جبکہ مودی کی سیاست بابری مسجد سے شروع ہوئی اور سری نگر پر ختم ہوگی۔