راولپنڈی ایکسپریس کی یوٹیوب پر بھی ایکسپریس کارکردگی، بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

راولپنڈی ایکسپریس کی یوٹیوب پر بھی ایکسپریس کارکردگی، بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا
کرکٹ کے میدان میں اپنی تیز رفتار اور گھومتی گیندوں سے دھوم مچانے والے قومی ہیرو اپنے تیکھے اور تُند و تیز تجزیوں کی بدولت یوٹیوب پر بھی چھا گئے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے یوٹیوب پر 10 لاکھ سبسکرائبرز حاصل کر کے یوٹیوب کا گولڈن بٹن حاصل کر لیا۔

شعیب اختر نے اپنی اس کامیابی کا اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا، اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی وجہ سے مجھے یوٹیوب کی جانب سے گولڈن بٹن ملا، آپ تمام لوگوں کے لیے بہت سارا پیار۔



انہوں نے کہا کہ نا صرف پاکستان بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں موجود ہر اس مداح کا شکریہ جو مجھے پسند کرتا ہے۔ شعیب اختر نے اس موقع پر یوٹیوب پر ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں انہیں اس گولڈن بٹن کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔



یاد رہے کہ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے چند ماہ قبل ہی اپنا یوٹیوب چینل بنایا تھا جس نے روزانہ کی بنیاد پر تیزی سے سبسکرائبر بڑھنے کے حوالے سے سب سے آگے پیوڈی پائے کے چینل کو بھی پیچھے چھوڑا دیا تھا۔