پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان معاملات تقریباً طے پا گئے ہیں۔ مذاکرات میں اصلاحات اور ان کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر اتفاق رائے ہوگیا۔ آج معاہدہ ہونے کا قوی امکان ہے۔
گزشتہ روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے آئی ایم ایف مشن چیف کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔ آئی ایم ایف مشن چیف نے وزیر خزانہ کو مذاکرات میں اب تک کی تمام پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم مشن چیف نے بتایا کہ مذاکرات میں فسکل پالیسیوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ مذاکرات میں اصلاحات اور ان کے نتیجے میں کیے گئے اقدامات پر اتفاق رائے پایا گیا ہے۔
آئی ایم ایف وفد اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا آج آخری روز ہے۔ آج ہونے والے فائنل راؤنڈ میں پالیسی سطح کے مذاکرات میں پاکستان کی جانب سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار معاشی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ جب کہ آئی ایم ایف مشن چیف نیتھن پورٹر وفد کی قیادت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق باہمی اقتصادی اور مالیاتی پالیسی (میوچل اکنامک اینڈ فِسکل پالیسی-ایم ای ایف پی) کا مسودہ آج فائنل کیا جائے گا۔
قوی امکان ہے کہ آج معاہدہ ہوجائے گا۔ مذاکرات میں توانائی شعبے میں اصلاحات اور گردشی قرضے کے خاتمے پر بحث ہوگی۔ جب کہ آئی ایم ایف کو مجوزہ ٹیکس اقدامات پر پاکستانی حکام کی جانب سے بریفنگ بھی دی جائے گی۔
وزیرِ مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں ہونے والے فیصلوں کی وزیر اعظم سے منظوری لے لی گئی ہے ،آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پاکستان کی ضرورت ہے ۔