Get Alerts

عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست غیر مؤثر قرار

عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست غیر مؤثر قرار
لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین  کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں 3 رکنی فل بینچ نے توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن سےعمران خان کی نااہلی کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران ایڈووکیٹ آفاق احمد عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن عمران خان کو چیئرمین کے عہدے سے نااہل نہیں کر رہا۔

جس پر چیف جسٹس امیر بھٹی نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کی کارروائی کے بعد آپ کی درخواست تو بظاہر غیر مؤثر ہو گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے نوٹس کے بعد تو آپ کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔

آفاق احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ میری درخواست ابھی غیر مؤثر نہیں ہوئی۔ میرے دلائل اظہر صدیق والی درخواست کے بعد سن لیں۔

جس پر چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے کہا کہ اظہر صدیق صاحب اب تو عمران خان خود درخواست گزار بن چکے۔حلقے کے ووٹر کی درخواست بھی بظاہر غیر مؤثر ہے۔

اظہر صدیق نے کہا کہ تسلیم کرتا ہوں کہ عمران خان کی درخواست سنگل بینچ میں چل رہی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کی درخواست غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔

عمران خان کی ممنوعہ فنڈنگ میں نااہلی کے خلاف حلقے کے ووٹر کی جانب سے درخواست واپس لیے جانے کے بعد عدالت نے یہ درخواست بھی خارج کر دی۔

اس سے قبل اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں طبی بنیادوں پر سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے اگلی سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر اقبال نے کیس کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی وکلا علی بخاری ایڈووکیٹ اور بیرسٹر علی گوہر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

وکلا نے عمران خان کے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے بتایا کہ بیرسٹر علی ظفر عمران خان کی جانب سے وکالت کریں گے۔

بیرسٹر علی گوہر نے کہا کہ وکالت نامے پر دستخط نہیں ہوسکے اس لیے پیش نہیں کیا۔ آئندہ سماعت سے قبل وکالت نامہ جمع کرا دیں گے۔عمران خان زخمی ہیں۔ 3 عدالتوں میں استثنیٰ کی درخواست دی ہے۔