Get Alerts

خیبرپختونخوا میں بیت الخلا کی تلاش کیلئے ایپ

خیبرپختونخوا میں بیت الخلا کی تلاش کیلئے ایپ



خیبرپختونخوا (کے پی) میں شہریوں اور سیاحوں کو صوبے بھر میں عوامی مقامات پر بیت الخلا تلاش کرنے کے لیے 19 اکتوبر کو ایک ایب کا افتتاح کیا جارہا ہے۔







ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مقامی حکومت کے محکمے واٹر اینڈ سنیٹیشن سروسز سیل کے اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر عمران اللہ محمد نے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کامران بنگش کو بریفنگ کے دوران اس حوالے سے آگاہ کیا۔

عمران اللہ محمد کا کہنا تھا کہ اسی طرح کی ایپ آسٹریلیا اور بھارت میں بھی شہریوں کی مدد کے لیے چل رہی ہے اور اب کے پی کے عوام بھی اس سہولت کو حاصل کرپائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیت الخلا کی تلاش میں تعاون کے لیے ایپ کا فیصلہ صوبے کو صاف رکھنے اور ماحول کو آلودگی اور شہریوں کو بیماریوں سے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر کا کہنا تھا کہ ایپ میں عوام کے لیے بیت الخلا کے حوالے سے تمام ضروری معلومات دستیاب ہوں گی جس میں بیت الخلا کتنا دور ہے، مرد و خواتین، بچوں اور معذور افراد کے لیے دستیاب سہولیات سمیت تمام عوامی معلومات اس ایپ میں شامل ہوں گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پی کے معاون خصوصی کامران بنگش نے اس فیصلے پر صوبائی محکمے کے عہدیداروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو سہولت ہوگی اور اس منصوبے سے صوبے کی اچھی تصویر پیش کرنے میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ملک کو صاف اور سبز بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کامران بنگش نے کہا کہ ڈیجٹلائزیشن اور صوبے کو پیپر فری بنانے کے لیے تمام دستیاب ذرائع استعمال کیے جارہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی گزشتہ صوبائی حکومت نے درخت لگانے کا منصوبہ شروع کردیا تھا اور اس منصوبے کے تحت صوبے بھر میں کروڑوں درخت اگائے گئے تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے رواں برس اسلام آباد میں سبز پاکستان مہم کا افتتاح کیا تھا۔