پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے گلگت بلتستان کے ضلع گوپس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور اس کے ساتھی جب منہ کھولتے ہیں تو غلاظت ٹپکتی ہے اسی لئے وہ عمران خان جیسے شخص کا نام لینا بھی پسند نہیں کرتیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے پہلے ہی کہہ دیا ہے تم چھوٹے ہو، سائیڈ پر ہو، یہ بڑوں کی لڑائی ہے، میری مجبوری ہے کہ مجھے عوام کے مجرم عمران خان کا نام لینا پڑتاہے لیکن جب علاج مقصود ہوتو بیماری کانام لینا پڑتا ہے۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اس حکومت کو ایک ہی کام آتا ہے جس کا نام انتقام، بدزبانی اور نوازشریف سے حسد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو آج جو بیماری لاحق ہے اس کا نام عمران خان ہے، دنیا میں کووڈ 19 اب آیا لیکن پاکستان میں 2018 میں یہ عمران خان نامی یہ بیماری آگئی تھی جو ماسک پہننے سے نہیں جائے گی بلکہ اٹھاکر باہر پھینکنے سے جائے گی، اس بیماری نے ہماری وفاق کی اکائیوں، معیشت اور اداروں کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا، اس حکومت کا احتساب کرنا ہے اور یوم احتساب قریب آرہا ہے۔
گوپس جسلے میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا گلگت میں چاہے سڑکیں ، کینسر اسپتال یا پل ، یہ سب نواز شریف اور (ن) لیگ نے بنایا ہے اور گلگت والوں کی تکلیف کو آسان کردیا ہے، گلگت میں انفرا اسٹرکچر کی وجہ سے لاکھوں سیاح آئے، یہ انفرا اسٹرکچر بھی (ن) لیگ نے دیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکسان کو آج جتنی بیماریاں لاحق ہیں، چاہے روٹی 30 روپے کی ہو، بجلی گیس کی قیمت میں اضافہ ہو، تمام مسائل کا ایک ہی حل ہے جس کا نام نواز شریف اور ن لیگ ہے
