9فیصد مہنگائی کچھ نہیں ہے، روٹی کے 10نوالے کھاتے ہیں تو کچھ کم کرلیں؛ علی امین گنڈاپور

9فیصد مہنگائی کچھ نہیں ہے، روٹی کے 10نوالے کھاتے ہیں تو کچھ کم کرلیں؛ علی امین گنڈاپور
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ 9 فیصد مہنگائی کچھ نہیں۔ جہاں آپ روٹی کے 10نوالے کھاتے ہیں تو کچھ کم کریں۔

کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیر کے سفیر ہیں۔ انہوں نے کشمیریوں کو یقین دلایا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک بھارت سےکوئی بات چیت نہیں کریں گے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ملک میں آج مہنگائی زرداری اور نوازشریف کی وجہ سے ہے، پاکستان میں 9فیصد مہنگائی کچھ نہیں ہے۔ اگر چائے میں چینی کے100دانے ڈالتے ہیں تو 9دانے کم ڈالیں، روٹی کے 10نوالے کھاتے ہیں تو کچھ کم کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت مہنگائی کم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے، تاہم عوام کو بہتری کے لیے وزیراعظم کو تھوڑا ٹائم دینا چاہیئے۔

یاد رہے کہ چند دن قبل علی امین گنڈاپور نے بیان دیا تھا کہ کہ موجودہ حکومت جب برسراقتدار آئی تو ملک کے معاشی حالات بہت خراب تھے، 20 ارب ڈالر خسارے کا سامنا تھا، کاشتکاروں کو ان کی فصلوں کا معاوضہ نہیں مل رہا تھا، زرعی زمینوں پر رہائشی کالونیاں بنائی جا رہی تھیں اور شوگر مافیا کا راج تھا لیکن وزیراعظم عمران خان نے عوام کیلئے اصولوں کی سیاست کی ہے، گنے کے کاشتکاروں کو پہلی مرتبہ ان کی فصل کا وہ معاوضہ ملا ہے جو پہلے کبھی نہیں ملا، قرضوں کی قسطیں ادا کی گئیں، ملک کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے، معیشت اب مستحکم ہے، کورونا کے دوران وزیراعظم عمران خان نے جو حکمت عملی اپنائی، پوری دنیا نے اسے سراہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ خودداری اور خودمختاری کے بغیر کوئی قوم عظیم قوم نہیں بن سکتی، ماضی میں حکمرانوں نے پیسے کیلئے عوام پر دوسروں کی جنگیں مسلط کیں لیکن اس کے باوجود ڈومو رکے مطالبے ہو رہے تھے لیکن وزیراعظم عمران خان نے اس حوالہ سے واضح پالیسی اپنائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر رشوت دینے سے انکار کر دیا جائے تو رشوت ستانی خودبخود ختم ہو جائے گی۔