علی امین گنڈاپور نے میرے منصوبوں کا افتتاح کیا تو نقصان کے ذمہ دار خود ہوں گے، حکومتی رکن اسمبلی کی وفاقی وزیر کو دھمکی

علی امین گنڈاپور نے میرے منصوبوں کا افتتاح کیا تو نقصان کے ذمہ دار خود ہوں گے، حکومتی رکن اسمبلی کی وفاقی وزیر کو دھمکی
حکومتی رکن اسمبلی ہشام انعام اللہ خان نے اپنی ہی حکومت کے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے میرے منصوبوں کا افتتاح کیا تو نقصان کے ذمہ دار خود ہوں گے۔

تفصیلات لکی مروت میں سڑک کے تعمیراتی کام کے افتتاح کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے دو اراکین اسمبلی میں اختلافات شدت اختیار کر گئے۔

خیبر پختونخواہ اسمبلی کے رکن ہشام انعام اللہ خان کی جانب سے چیف سیکرٹری کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ ضلع لکی مروت میں پیزو سے شیخ بدین تک روڈ کی منظوری ان کی کوششوں کا نتیجہ ہے جس کا افتتاح علی امین گنڈا پور کررہے ہیں۔

انہوں نے چیف سیکرٹری کو لکھے گئے خط میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور میرے سیاسی معاملات میں پہلے بھی مداخلت کرچکے ہیں، تاہم اگر انہوں نے منصوبے کا افتتاح کیا تو علاقے میں جانی اور مالی نقصان بھی ہوسکتا ہے جس کے ذمہ دارعلی امیں گنڈاپور ہوں گے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ علی امین گنڈا پورکو اشتعال انگیز اقدامات سے نہ روکا گیا تو امن وامان کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے جب کہ لکی مروت کے عوام بھی وفاقی وزیر کے اقدامات اور غیر مناسب رویے سے نالاں ہیں۔

خط میں یہ امید بھی ظاہر کی گئی کہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور پاکستان تحریک انصاف حکومت کے نمائندے ان کے ساتھ مل کر اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جولائی میں بھی پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے وزیر اعلٰی کے نام خط میں شکوہ کیا تھا اور کہا تھا کہ علی امین گنڈا پور اور گورنر شاہ فرمان مجھے کابینہ سے ہٹانے کے مشن میں کامیاب ہوئے۔

خط کے متن میں لکھا گیا تھا کہ گورنر شاہ فرمان اور وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے مجھ سے سخت ناپسندیدگی اختیار کی ہے۔ آخر کار مجھے کابینہ چھوڑنے پر دونوں کو اپنے مقصد میں کامیابی حاصل ہوئی۔نہ جانے دونوں میرے ساتھ کیوں ضد پر اتر آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کابینہ کے ایک ساتھی کے ذریعہ بتایا گیا کہ آپ سے صوبائی کابینہ سے استعفی طلب کیا ہے۔ ایک وزیر کی حیثیت سے میں نے اپنے قائد عمران خان کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا۔ لکی مروت اور اپنے صوبے کے لوگوں کی نمائندگی کی ، جس کے ساتھ میں اپنے سیاسی وجود کا مستحق ہوں۔