قومی اسمبلی کے جاری اجلاس میں مراد سعید کی تقریر کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور اور کراچی سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما آغا رفیع اللہ میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا اور دونوں کی جانب سے شدید تلخ کلامی بھی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس جاری تھا کہ مراد سعید کی بات پر آغا رفیع اللہ نے رد عمل دینے کی کوشش کی جس پر علی امین گنڈا پور سیخ پا ہوگئے اور انہوں نے آغا رفیع اللہ کے خلاف اونچی آواز میں بولنا شروع کر دیا۔
علی امین گنڈا پور نے آغا رفیع اللہ کو گالی دیتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سے مخاطب ہوئے کہا کہ اس کو ایوان سے باہر نکالیں۔
اس جملے پر آغا رفیع اللہ اپنی سیٹ سے اٹھ کر علی امین گنڈا پور کی جانب بڑھے اور انہیں کہا کہ آپ باہر آؤ ، آپ کی مونچھیں ٹھیک کرتا ہوں۔
اس تلخ کلامی کے بعد سپیکر نے ہاؤس کو ان آرڈر کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔