پی ٹی آئی نے سیاسی مذاکراتی عمل کے لئے پولیٹیکل انگیجمنٹ کمیٹی تشکیل دیدی

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سیاسی مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کےلیے پاکستان تحریک انصاف نے کمیٹی تشکیل دی۔

پی ٹی آئی نے سیاسی مذاکراتی عمل کے لئے پولیٹیکل انگیجمنٹ کمیٹی تشکیل دیدی

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے اپنی سیاسی حریف جماعتوں کو انتخابی عمل اور سیاسی مباحثوں میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے پولیٹیکل انگیجمنٹ کمیٹی ( پی ای سی) تشکیل دے دی گئی۔ کمیٹی دیگر سیاسی جماعتوں سے روابط اور بات چیت کرے گی۔

سینیٹر علی ظفر اور سینیٹر ہمایوں مہمند اس کمیٹی کے رکن مقرر کیے گئے ہیں جبکہ علی محمد خان اور علی اصغر خان بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ 

مذکورہ کمیٹی میں مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن بھی ہوں گے۔

سیکریٹری جنرل عمر ایوب کے دستخط سے پولیٹیکل انگیجمنٹ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سیاسی مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کےلیے پاکستان تحریک انصاف نے کمیٹی تشکیل دی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کرکے پارٹی کا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر خان نے بتایا کہ انہوں نے پارٹی کا چارٹر آف ڈیمانڈ الیکشن کمیشن کو دے دیا ہے۔ کمیشن نے کہا ہے کہ بلے کا نشان پی ٹی آئی کا ہی ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ 45 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ کوئی چیئرمین مائنس نہیں ہوگا۔ جو چیئرمین پی ٹی آئی ہیں وہی رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ  میں الیکشن کمیشن سے انٹراپارٹی الیکشن میں بے ضابطگیوں سے متعلق 23 ستمبر کو محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کرنے کا مطالبہ  بھی کیا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے انتخابی نشان کا آرڈر ابھی تک ریلیز نہیں کیا گیا۔ الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے پی ٹی آئی کو فری اینڈ فیئر الیکشن مہم کی اجازت دی جائے۔

ان کا کہنا تھا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کیلئے کردار ادا کرے۔امید ہے کہ الیکشن کمیشن اپنا کردار ادا کرے گا۔