پی سی او ججز کے خلاف تھا، ہوں اور ہمیشہ رہوں گا، سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی

پی سی او ججز کے خلاف تھا، ہوں اور ہمیشہ رہوں گا، سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی
رپورٹ: (عمیر سولنگی) سینئر سیاستدان اور سابق سینیٹر سید فیصل رضا عابدی نے کہا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے مجھے اختیار دیا ہے کہ سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کا کوئی بھی جج آئین کی خلاف ورزی کرے تو میں الیکٹرونک یا پرنٹ میڈیا پر تنقید کروں اور سپریم جوڈیشل کونسل میں مس کنڈکٹ پر مبنی ریفرنس دائر کروں۔

نیا دور سے بات کرتے ہوئے سید فیصل رضا عابدی نے کہا کہ میں نے دو سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور ثاقب نثار کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنسز دائر کئے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میرے دونوں کیسز کا فیصلہ کرے اور مجھے انصاف دے۔

فیصل رضا عابدی نے کہا کہ میں نے عدالتوں کا سامنا کیا اور عدالتوں کا احترام کیا، اب انصاف کے اداروں کا امتحان ہے کہ وہ کوڈ آف کنڈکٹ کی سنگین خلاف ورزی کرنے والے ججوں کے خلاف میرا کیس چلا کر انصاف کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں پی سی او ججز کے خلاف تھا، ہوں اور ہمیشہ رہوں گا۔ اس سے قبل منگل کی صبح فیصل رضا عابدی اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدلیہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کے مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی، فیصل رضا عابدی نے عدالت کے روبرو اپنا بیان قلم بند کروایا۔ اپنے بیان میں فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی بھی کسی ادارے کو دھمکی نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ تمام عدالتوں کا احترام کرتا ہوں، عدلیہ بحالی تحریک میں پیش پیش رہا اور بارہ مئی کے سانحے میں میرے بہت سے ساتھی شہید ہوئے، عدالتوں کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیشہ آئین پاکستان کا دفاع کروں گا۔ مقدمے کی اگلی سماعت 18 اپریل کو ہوگی۔

 

مصنف صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ ٹوئٹر پر @UmairSolangiPK کے نام سے لکھتے ہیں۔