فیصل آباد میں پولیس نے کارروائی کر کے ٹائیگر فورس کے 2 جعلی ممبران کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ڈجکوٹ میں 2 افراد خود کو ٹائیگر فورس کا رکن ظاہر کر کے لوگوں سے شناختی کارڈ جمع کر رہے تھے جس کی اطلاع ملنے پر کارروائی کی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے لوگوں سے حاصل کیے گئے شناختی کارڈز برآمد کر لیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے مستحق افراد کے گھروں تک راشن پہنچانے کے لیے ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان کیا ہے جو ایک رضا کار فورس ہے جس میں نوجوانوں کو شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 68 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4699 تک پہنچ گئی ہے۔
ملک بھر میں اب تک کرونا سے ہونے والی 68 ہلاکتوں میں سے خیبرپختونخوا اور سندھ میں 22،22 جب کہ پنجاب میں 18 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔