Get Alerts

ترکش ڈرامے ’’ارطغرل‘‘ کو نشر کیا جائے گا یا نہیں؟ پی ٹی وی نے بیان جاری کر دیا

ترکش ڈرامے ’’ارطغرل‘‘ کو نشر کیا جائے گا یا نہیں؟ پی ٹی وی نے بیان جاری کر دیا
پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی نے مسلمانوں کی تاریخ اور فتوحات پر مبنی مقبول ترین ترکش ڈرامے ’’دیریلش؛ ارطغرل‘‘ کو نشر نہ کرنے کی افواہوں کے حوالے سے بیان جاری کر دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مسلمانوں کی تاریخ اور لازوال کامیابیوں پر مبنی ترکش ڈرامے’’دیریلش؛ ارطغرل‘‘جسے ترکی کا ’’گیم آف تھرون‘‘ بھی کہا جاتا ہے کو پی ٹی وی سے اردو میں ڈب کر کے نشر کرنے کی ہدایت کی تھی۔

تاہم گذشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ پی ٹی وی نے ڈرامے کی ڈبنگ روک دی ہے اور شاید یہ ڈرامہ اب پی ٹی وی سے نشر نہیں کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر چلنے والی رپورٹس کے مطابق پی ٹی وی کے پاس اس ڈرامے کو اردو میں ڈب کرنے کے لیے ذرائع نہیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس کی ڈبنگ روک دی گئی ہے۔

تاہم پی ٹی وی نے ان تمام افواہوں کی تردید کر دی ہے۔

پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں لوگوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ جیسے ہی بہترین ڈبنگ ٹیم کو حتمی شکل دی جائے گی ڈراما سیریل ’’دیریلش ؛ ارطغرل‘‘ کی ڈبنگ کا آغاز ہو جائے گا۔



واضح رہے کہ ’’دیریلش؛ ارطغرل‘‘ کی کہانی سلطنت عثمانیہ کے قیام سے قبل کی ہے اور مسلمان سپہ سالار ارطغرل غازی کے گرد گھومتی ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ 13 ویں صدی کے ترک سپہ سالار ارطغرل غازی نے کس طرح منگولوں اور صلیبیوں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔