’گستاخانہ مواد‘: پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے تین کتابوں اور ایک اخبار پر پابندی لگا دی

’گستاخانہ مواد‘: پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے تین کتابوں اور ایک اخبار پر پابندی لگا دی
لاہور: پنجاب اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ غیر ملکی مصنفہ لیزلی ہیزلٹن (Lesley Hazleton) کی کتابیں "The First Muslim" اور "After the Prophet"، پاکستانی مصنف مظہر الحق کی کتاب "History of Islam" اور روزنامہ "الفضل" پر پابندی لگائی جائے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس پنجاب اسمبلی میں منعقد ہوا۔

کمیٹی میں سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ جن 127 آئی ڈیز پر گستاخانہ مواد موجود ہے، ان کے خلاف پولیس اور ایف آئی اے فوری کارروائی کریں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون بشارت راجہ نے کہا کہ بہت سی ملکی و غیر ملکی کتب مارکیٹ میں موجود ہیں جن میں گستاخانہ مواد موجود ہے، ان سے نہ صرف ہمارے جذبات مجروح ہوتے ہیں بلکہ یہ ہمارے ایمان پر بھی کاری ضرب ہے، ان پر پابندی عائد ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ درآمد شدہ کتب پر پابندی میں وفاقی حکومت کی مداخلت ضروری تھی، اس لئے یہ معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھایا گیا اور اب یہ معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ گستاخانہ مواد کی اشاعت کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کریں گے تا کہ مستقبل میں کوئی ایسی جرات نہ کر سکے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ اجلاس میں گستاخانہ مواد کی اشاعت کی روک تھام کے لئے محکمہ انسداد دہشتگردی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، سپیشل برانچ، علمی بورڈ اور تمام متعلقہ اداروں کو بھی بلایا جائے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، اراکین اسمبلی میاں شفیع محمد، کاشف محمود، محمد الیاس، پنجاب اسمبلی کے ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک سمیت محکمہ سکول ایجوکیشن، پنجاب ٹیکس بک بورڈ، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایڈووکیٹ جنرل، انفارمیشن اینڈ یوتھ افیئر، ہائر ایجوکیشن، محکمہ قانون، ہوم ڈیپارٹمنٹ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔