حال ہی میں فرانس کے متنازعہ میگزین چارلی ہیبڈو میں حضرت محمدﷺ کے خلاف کارٹون شائع کرنے کے خلاف آج تحریک لبیک پاکستان کی فیض آباد انٹر چینج کی جانب ریلی جاری ہے۔
ریلی میں موجود سینکڑوں کارکنان میں فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے شائع ہونے پر شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ ریلی کے شرکا کا مطالبہ ہے کہ فرانس کے ساتھ تمام سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں اور فرانس کے سفیر کو فوری طور پر واپس بھیجا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں میں اس اقدام کے خلاف قراردادیں منظور کی جائیں۔ ٹی ایل پی نے مزید مطالبہ کیا کہ اگر فرانس باز نہ آیا تو ہم عالمی جنگ کا اعلان کر دیں گے۔
https://twitter.com/atanzeem/status/1301846974027759617?s=20
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریلی کے شرکا اس وقت وارث خان کے قریب پہنچے چکے ہیں۔ ریلی کے شرکا پر راستے میں کھڑے شہریوں نے مسلسل گُل پاشی بھی کی۔
تحریک لبیک کے ترجمان نے نیا دور سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت کی حفاظت ہر مسلمان پر فرض ہے اور تحریک لبیک اس کا دفاع کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں، ان کے حکمرانوں اور عالم اسلام کا امتحان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام مسلمانوں کو ہر سطح پر اس گھٹیا حرکت پر اپنا احتجاج کروانا چاہیے۔