بزدار، محمود خان، اعظم خان کو نکالیں ورنہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جائے گی: کامران خان نے وزیر اعظم کو پیغام دے دیا

بزدار، محمود خان، اعظم خان کو نکالیں ورنہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو جائے گی: کامران خان نے وزیر اعظم کو پیغام دے دیا
وزیر اعظم عمران خان کے لیے یہ سال پریشان کن ہے۔ ضمنی الیکشنوں میں بد ترین شکست، سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کی اینٹری اور اپنے ہی آدمیوں کی بے وفائی نے خان صاحب کو اعتماد کے ووٹ لینے کی ضرورت درپیش کرادی۔

ایسے میں اب پاکستانی میڈیا میں  عمران خان کے اتحادی صحافی بھی انہیں کھری کھری سنانا شروع ہو چکے ہیں۔ ویسے تو یہ ٹرینڈ نیا نہیں کہ ڈاکٹر دانش سے لے کر ہارون الرشید اور پھر  حسن نثار اور ڈاکٹر شاہد مسعود تک سب کے سب ادھر ادھر دیکھ رہے ہیں اور تھو خان تھو کے نعرے بلند ہو رہے ہیں۔

اب اس تعن و تشنیع کی تازہ ترین صحافتی لہر کا باقاعدہ آغاز کیا ہے سینیر صحافی کامران خان نے۔ ایک ویڈیو پیغام جس کے پیچھے بالی ووڈ مصالحہ مویز کی طرز کا اٹھتا ہوا میوزک لگا ہوا ہے اس میوزک کی اٹھان کو چیرتی ہوئی ان کی آواز عمران خان کو یہ بتا رہی ہے کہ انکو ایک نئی سیاسی زندگی ملی ہے کہ وہ ایوان کا اعتماد سینیٹ الیکشن کے بعد کھو بیٹھے تھے۔

انہوں نے  وزیر اعظم کو مخاطب کرکے کہا کہ اب جبکہ نئی زندگی انکو مل چکی ہے۔ وہ چاہے الٹے لٹک جائیں لیکن مہنگائی ختم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی کارکردگی رہی اور آپ نے عوام کی نہیں سنی  تو اگلا الیکشن تو دور بلکہ تحریک عدم اعتماد میں اعتماد کا ووٹ لینا بھی محال ہوگا۔

کامران خان نے عمران خان کے بدترین مستقبل کی پیشگوئی کے ساتھ زور دے کر خدانخواستہ کہا

انہوں نے کہا کہ پنجاب آپ کی حکومت کا رستا ہوا زخم بن چکا ہے۔  پنجاب میں پے در پے آئی جیز چیف سیکریٹریز کی تبدیلی کے باوجود نتیجہ یہ ہے کہ لاہور میں جا بجا کوڑے کے ڈھیر ہیں۔

عثمان بزدار کو جلد از جلد فارغ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی میں پارٹی کا شیرازہ بکھر چکا ہے اس کی وجہ محمود خان کا طرز حکمرانی ہے اور اس کا مظہر نوشہرہ الیکشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لیئے آپ نے کچھ نہیں کیا اور یہ میں بتا دوں کہ یہ اب آپ اور آپ کے اتحادی ایم کیو ایم کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔ انا اللہ و انا الہہ راجعون

انہوں نے کہا کہ آپ کے وزرا، ایم این ایز اور بیوروکریسی آپ کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان سے سخت نالاں ہیں۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم اصلاح احوال واسطے ان سب کو نکال باہر کریں۔