تحریک عدم اعتماد بلڈوز کرنے کا حکومتی پلان تیار، حکومتی ارکان کو پارلیمنٹ بلڈنگ سے دور رہنے کی ہدایات

تحریک عدم اعتماد بلڈوز کرنے کا حکومتی پلان تیار، حکومتی ارکان کو پارلیمنٹ بلڈنگ سے دور رہنے کی ہدایات
اسپیکر ہاوس اسلام آباد میں تحریک عدم اعتماد اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے معاملے پر کابینہ ارکان کے مابین تفصیلی مشاورت ہوئی ہے جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ووٹنگ والے دن حکومتی ارکان کو اجلاس میں نہ جانے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک عدم اعتماد کے دن قومی اسمبلی ایوان میں حکومت کا صرف ایک رکن شریک ہو گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آرٹیکل 63 اے کے تحت منحرف حکومتی ارکان کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ ووٹنگ والے دن پارلیمنٹ میں آنے والے حکومتی ارکان کے خلاف چیئرمین تحریک انصاف اسپیکر قومی اسمبلی کو ریفرنس کے حوالے سے مراسلہ بھی تحریر کریں گے۔

جیو نیوز سے منسلک صحافی مدثر سعید کے مطابق گزشتہ روز اسپیکر ہاؤس میں اجلاس ہوا جہاں تحریک عدم اعتماد کی کارروائی بلڈوز کرنے کا پلان تیار کیا گیا، پلان کے مطابق حکومتی ارکان کو پارلیمنٹ بلڈنگ کے پاس آنے کی اجازت نہیں ہو گی، جو آیا وہ منحرف تصور ہو گا، عمران خان اسپیکر کو لکھ کر دیں گے اسپیکر منحرف رکن کو پارلیمنٹ داخل نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آئین کے مطابق جرم سردزد ہوئے بغیر سزا نہیں ہو سکتی۔ جب جرم ہو جائے تو اس رکن کو پارٹی سربراہ شوکازجاری کرے گا جواب آنے پر پارٹی سربراہ اسپیکر کو بھیجے گا۔ دو روز میں اسپیکر الیکشن کمیشن کو بھیجے گا اور الیکشن کمیشن ڈکلیئریشن دے گا۔

انہوں نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیراعظم صرف اپنی پارٹی کے لوگوں کو جبری طور پر روک سکتے ہیں۔۔ اتحادی اور آزاد ارکان اس زمرے میں نہیں آئیں گے۔ تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی تو کئی حکومتی رکن ڈسکوالیفائی ہو جائیں گے۔۔ ایوان کی نشستیں کم ہو جائیں گی، اپوزیشن اکثریت میں آ جائے گی۔

https://twitter.com/mudsays/status/1501598837143740416

پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کا کہنا ہے کہ 'نیازی نظریے کے صحافی اور سوشل میڈیا کل سے نیا شوشہ چھوڑ رہے ہیں کہ PTI کے ممبر ووٹنگ کیلئے نہیں آئیں گے، یعنی جو میدان میں لڑنے کی بات کرتا تھا، ڈٹ کے کھڑے ہونے کی بات کرتا تھا،میچ والے دن میدان سے بھاگنے کی سٹریٹیجی بنا رہا ہے،اب پتہ چلا کہ یہ کتنا بزدل اور منافق شخص ہے؟'

https://twitter.com/AhmadJawadBTH/status/1501784465332441089

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان دورہ کراچی مکمل کرکے اسلام آباد واپس پہنچ گئے اور بنی گالا میں حکومتی ارکان سے ملاقاتیں کی ہیں۔ اراکینِ قومی اسمبلی عامر طلال گوپانگ، رضا نصراللہ گھمن، خان محمد جمالی، حاجی امتیاز، فیض الحسن شاہ نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

ملاقاتوں میں ملکی سیاسی صورتحال، متعلقہ حلقوں کے مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کی گئی۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات ہوئی اور اراکین اسمبلی نے وزیر اعظم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے

عامر ڈوگر نے وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک کو شکست فاش ہوگی اور جیت تحریک انصاف اور عمران خان کے نظریے کی ہوگی۔