Get Alerts

تحریک عدم اعتماد، آج شہباز شریف سے پرویز الہیٰ اور آصف زرداری سے MQM کا وفد ملاقات کریگا

تحریک عدم اعتماد، آج شہباز شریف سے پرویز الہیٰ اور آصف زرداری سے MQM کا وفد ملاقات کریگا
تحریک عدم اعتماد کے پیش نظر آج شہباز شریف سے پرویز الہیٰ اور آصف زرداری سے MQM کا وفد ملاقات کریگا۔

مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے آج اسلام آباد میں ملاقات کا امکان ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اور ق لیگ کے سینئر رہنما طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی آج اسلام آباد آرہے ہیں، ملاقاتوں کے بعد وہ جو فیصلہ کریں گے وہ پوری پارٹی کو قبول ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کی شہباز شریف سے بھی ملاقات ہو سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اب تک اتحادی ساتھ کھڑے ہیں مگر حکومت کی اپنی صفوں میں گڑبڑ ہو رہی ہے، حکومت اپنے اراکین کو دیکھے کہ وہ کیوں منحرف ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ق لیگ کی خواہش ہے کہ پرویز الہیٰ وزیر اعلیٰ پنجاب بنیں۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کا وفد آج سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کرے گا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں ایم کیو ایم کا پانچ رکنی وفد آج دن 2 بجے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں سابق صدر سے ملاقات کرے گا۔

ایم کیو ایم کے وفد میں کنونیر خالد مقبول صدیقی، عامرخان، وسیم اختر اور دیگر شامل ہونگے۔

ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی رہنماؤں کی اس اہم ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور کابینہ ارکان کو طلب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دورۂ کراچی میں ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد جا کر ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔