(ن) لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب، شہباز شریف سمیت مرکزی قیادت کو لندن پہنچنے کی ہدایت

(ن) لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب، شہباز شریف سمیت مرکزی قیادت کو لندن پہنچنے کی ہدایت
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پارٹی کا ہنگامی اجلاس لندن میں طلب کرلیا۔

ذرائع کا کہناہےکہ نواز شریف نے ویڈیو لنک اجلاس کی تجویز مسترد کردی اور پارٹی کی مرکزی قیادت کو لندن پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی پہلے ہی لندن میں موجود ہیں جب کہ وزیر اعظم شہباز شریف، احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کے ایک دو روز میں لندن روانہ ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف کو بعض معاملات پر تحفظات ہیں اس لیے (ن) لیگ کو ئی بڑا فیصلہ کرنے جارہی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لائحہ عمل سے متعلق بھی نوازشریف اور اسحاق ڈار سے مشاورت ہوگی جب کہ آئندہ الیکشن، پنجاب میں کابینہ اور پاور شیئرنگ سے متعلق بھی اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس آج منگل کو طلب کر لیا، کابینہ اجلاس کا 9 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے ۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونیوالے اجلاس میں ڈی جی آئی بی کی تعیناتی کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے جبکہ چیرمین واپڈا کے استعفی کی منظوری بھی کابینہ کرے گی ۔

اجلاس میں تونائی سیکٹر پر بریفنگ اور ملک میں گندم کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اورپاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگرمینٹ کی توسیع بھی ایجنڈے کا حصہ ہے ۔ آج ہونیوالے اجلاس میں وزارت داخلہ کی ایک سے زائد پاسپورٹ منسوخ کرنے کی پالیسی بھی منظوری کیلئے پیش ہو گی اور9 مئی کے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔