چھوٹا سا غریب "گیانا" دنیا کا امیر ترین ملک بن سکتا ہے

چھوٹا سا غریب
گیانا اس کرہ ارض کی اکثر آبادی کے نزدیک گم نام اور نا معلوم ہے۔ تاہم اس غریب اور چھوٹے ملک کی قسمت بدلنے کے قریب ہے۔ گیانا براعظم جنوبی امریکا کے شمالی ساحل پر واقع  ہے۔ اس کی سرحدیں وینزویلا، سرینام اور برازیل سے ملتی ہیں۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ جنوبی امریکا کا یہ چھوٹا سا ملک 2020 میں معیشت کی شرح نمو کے لحاظ سے دنیا میں سرفہرست ہو گا۔ آئندہ سال گیانا کی معیشت کی شرح نمو 86% ہو گ جو کہ چین کی آئندہ برس کی شرح نمو سے 14 گنا زیادہ ہے۔

گیانا جنوبی امریکا کا واحد ملک ہے جس کے عوام انگریزی زبان میں بات کرتے ہیں۔ یہ برطانوی سامراج کے زیر تسلط رہا اور 1966 میں آزادی حاصل کی۔ آئندہ ماہ گیانا میں دریافت ہونے والے تیل کے ضخیم ذخائر کو نکالے جانے کا کام شروع ہو گا۔ اس میں مرکزی ذمے داری امریکی کمپنیExxonMobil کے پاس ہے۔ ایک اندازے کے مطابق گیانا میں تیل کے ذخائر 5.5 ارب بیرل سے زیادہ ہیں۔ ابھی تک وہاں تیل کی 12 فیلڈز دریافت ہو چکی ہیں۔

توقع ہے کہ تیل کی آمدنی سے ملک کے خزانے میں 250 ارب ڈالر کی رقم آئے گی۔ گیانا کا کُل رقبہ 2.15 لاکھ مربع کلو میٹر ہے۔ اس کی آبادی 7.8 لاکھ ہے جس میں ایک تہائی دارالحکومت میں رہتی ہے۔



گیانا میں امریکی سفیرPerry Holloway کے مطابق اس ملک کی مجموعی مقامی پیداوار کا حجم 4 ارب ڈالر ہے ... اور 2025 تک اس میں 300% سے 1000% تک اضافہ متوقع ہے۔ اس موقع پر گیانا میں تیل کی یومیہ پیداوار 7.5 لاکھ بیرل ہو گی۔ اس طرح گیانا اس کرہ ارض کے نصف حصے کا دولت مند ترین ملک بن جائے گی۔ واضح رہے کہ گیانا پر بیرونی قرضوں کا حجم 2 ارب ڈالر ہے۔

البتہ گیانا کو مختلف قسم کے مسائل اور پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔ ان میں اہم ترین بدعنوانی ہے جو ایک طویل عرصے سے ملک میں چھائی ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ بین الاقوامی تنظیمTransparency International کی جانب سے ہر سال شفافیت کے متعلق جاری ہونے والے 175 ممالک کے انڈیکس میں گذشتہ برس گیانا کا 93 واں نمبر تھا۔ گیانا کی آبادی میں 55% کا تعلق بھارت اور پاکستان سے ہے جب کہ 30% افریقی نژاد ہیں۔ ملک میں غربت اور بے روزگاری کی شرح عروج پر ہے۔ اس کے علاوہ گیانا کو سرینام اور وینزویلا کی جانب سے سرحدی تنازعات کا بھی سامنا ہے۔ ان دونوں ممالک کا دعوی ہے کہ گیانا کی تین چوتھائی اراضی ان کی ہے۔



گیانا میں قتل اور چوری کے جرائم کی شرح بھی بلند ہے۔ وینزویلا، کولمبیا اور برازیل کے بعد جرائم کی بلند شرح کے لحاظ سے گیانا کا چوتھا نمبر ہے۔ معیشت کے لحاظ سے دنیا بھر میں اس کا 161 واں نمبر ہے۔ گیانا میں صرف 10 غیر ملکی سفارت خانے اور ایک عرب ریستوران موجود ہے۔