Get Alerts

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے سینیٹ رکنیت سے استعفیٰ دے دیا

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے سینیٹ رکنیت سے استعفیٰ دے دیا
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

بروزجمعرات چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کے دوران انہوں نے باضابطہ طور پر اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔ جس میں انہوں نے استعفے کی وجہ بھی پارٹی قیادت کی ہدایات کو قرار دیا ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو پیش کرنےکی تصویر انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنی پوسٹ میں کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کی قیاس آرائیوں کی تردید بھی کردی۔

بروز منگل چند سلسلہ وار ٹویٹس میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نےمستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ آج پارٹی کے ایک سینئر رہنما سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت میرے سیاسی عہدوں سے خوش نہیں اور سینیٹ سے میرا استعفیٰ چاہتی ہے۔ میں بخوشی استعفیٰ دینے پر راضی ہوگیا۔

مصطفی نواز کھوکھر نے مزید کہا کہ ایک سیاسی کارکن کی حیثیت سے میں  مفاد عامہ کے معاملات پر اپنی رائے کا اظہار کرنے میں خوشی محسوس کرتا ہوں۔ سندھ سے سینیٹ کی نشست دینے پر پارٹی قیادت کا مشکور ہوں۔ اختلافات سے قطع نظر، ان کے ساتھ ایک شاندار سفر رہا ہے اور ان کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔

انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ انشااللہ کل چیئرمین سینیٹ کو ذاتی طور پر اپنا استعفا پیش کروں گا۔

واضح رہے کہ مصطفی نواز کھوکھر  نے 5 نومبر کو ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ اعظم سواتی کے کا یہ کلپ چیئرمین سینیٹ اور تمام پارلیمان کے منہ پر طمانچہ ہے، کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ ہماری انٹیلیجنس والے اس حد تک بے غیرت ہو جائیں گے اور ہماری دینی، معاشرتی اخلاقیات کی اس طرح دھجیاں بکھیر دیں گے، کسی کی عزت نفس محفوظ نہیں، خدا کی لعنت ہو ان لوگوں پر۔