جنرل پرویز مشرف کے ملٹری سیکرٹری جنرل شفاعت کی پاکستان میں تو جائیدادیں ہیں ہی مگر انہوں نے لندن، دبئی اور نیویارک میں بھی فلیٹ خریدے اور تمام بیرون ملک جائیدادیں انہوں نے کیش میں ادائیگی کر کے خریدیں۔ لاہور کے کور کمانڈر کے طور پر لندن کا فلیٹ ان کی بیگم کے نام ٹرانسفر ہوا اور یہ ایک بھارتی شہریت کے حامل شخص سے خریدا گیا مگر اسے چھپائے رکھا۔ اسی طرح دبئی کا فلیٹ تب ظاہر کیا جب دبئی لیکس آئیں جبکہ نیویارک والا فلیٹ کبھی ظاہر ہی نہیں کیا۔ سمجھ نہیں آتی پاکستانی جرنیل کون سا کاروبار کر کے ارب پتی بن جاتے ہیں اور ان کے بچے 18 سال سے کم عمر میں ہی کروڑ پتی کیسے بن جاتے ہیں۔ یہ کہنا ہے فیکٹ فوکس سے جڑے صحافی عثمان منظور کا۔
نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں جاوید فاروقی نے کہا حیرت کی بات ہے فرح گوگی کے اثاثے ایک ایسے دور میں بڑھے جب پاکستان ایف اے ٹی ایف کی سخت شرائط کا سامنا کر رہا تھا اور یہ سب اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھ کر ہو رہا تھا۔ ایک ایسے بندے نے عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے منتخب کیا جس نے بہت اونچے اخلاقی معیار قائم کر رکھے تھے۔ وزارت اعلیٰ اور وزارت عظمیٰ کے لیے شخصیات کے انتخاب میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے جو معیار قائم کیا عثمان بزدار اس سے کوسوں دور نظر آتے ہیں۔
حسن ایوب کے مطابق جسٹس مظاہر نقوی احتساب سے بھاگنا چاہ رہے ہیں۔ دنیا میں جب کسی جج کے خلاف الزامات لگتے ہیں تو ان کے فیصلے تک وہ کسی بنچ کا حصہ نہیں بنتے جبکہ جسٹس مظاہر نقوی بدستور مقدمے سن رہے ہیں۔ وہ تکنیکی بنیادوں پہ اس معاملے سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ معاملہ خاصا پیچیدہ ہو چکا ہے اور بظاہر جسٹس نقوی اس سے بچتے نظر نہیں آ رہے۔
پروگرام کے میزبان رضا رومی اور مبشر بخاری تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔