نوجوان سٹارٹ اپ ملکی معیشت کو بحران سے نکالنے کے لئے پر عزم

نوجوان سٹارٹ اپ ملکی معیشت کو بحران سے نکالنے کے لئے پر عزم
جاندار آئیڈیا، شاندار انفرا سٹرکچر اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار کراچی کا نیشنل انکیوبیشن سنٹر، نوجوان سٹارٹ اپس کو نہ صرف بزنس کرنے کے لئے مواقعے فراہم کر رہا ہے بلکہ ساتھ ہی ساتھ سرمایہ کاروں کو بھی سازگار ماحول فراہم کرتا نظر آ رہا ہے۔

منسٹری آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کے تین رکنی وفد نے سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن شعیب صدیقی کی قیادت میں این آئی سی کراچی سے وابستہ سٹارٹ اپس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سٹارٹ اپس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت میں نیشنل انکیوبیشن سنٹر کراچی کے سٹارٹ اپس کا کرادار تمام انکیوبیشن سنٹرز کے مقابلے میں سرفہرست ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ نیشنل انکیوبیشن سنٹر کی جانب سے ملکی معیشت میں ایک ارب روپے کی سرمایہ کاری اور ہزاروں ملازمتیں یہ ثابت کرنے کے لئے کافی ہے کہ نوجوان سٹارٹ اپس ملکی معیشت کو بحران سے نکالنے کے لئے پر عزم ہیں۔

سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کا کہنا تھا کہ این آئی سی کراچی ایک عظیم سفر کا آغاز ہے۔ آپ کو شاید معلوم نہیں کہ آپ ملک کی کتنی بڑی خدمت کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر این آئی سی شاہجہاں چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دنیا کو کئی بلین ڈالر کمپنیاں دی ہیں جن میں بائیکیا اور کریم کے نام سر فہرست ہیں اور ان دونوں کمپنیز کے پیچھے نوجوان سٹارٹ اپس کی محنت شامل ہے۔ ہمارے پاس اس وقت بھی ایڈون روبوٹکس، بائیونکس اور ڈاٹ مائنڈ لرننگ جیسے اداروں کی مثال موجود ہے جنہوں نے دنیا بھر میں تہلکہ مچایا ہے۔

این آئی سی کراچی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہاں کے سٹارٹ اپس کو سلیکون ویلی امریکہ میں بلا کر نہ صرف سراہا گیا بلکہ سرمایہ کاری کی پیش کش بھی کی گئی ہے۔