سکالرشپ کی بحالی کا مطالبہ : بلوچستان کے طلباء کا ملتان سے اسلام آباد پیدل مارچ شروع

سکالرشپ کی بحالی کا مطالبہ : بلوچستان کے طلباء کا ملتان سے اسلام آباد پیدل مارچ شروع
بلوچ اسٹوڈنس کونسل ملتان کی جانب سے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں بلوچستان کے طلباء کی اسکالر شپس کا خاتمہ، فیس وصولی پالیسیوں اور ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے طلباء کےلیے نشستوں کی عدم فراہمی کے خلاف طلباء کا پیدل لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف شروع ہو گیا ہے۔

اس سے قبل یہ طلباء اپنے مطالبات کو منوانے کی خاطریونیورسٹی گیٹ کے سامنے احتجاجی کیمپ لگا کر گزشتہ 40 دن سے دھرنے دے رہے تھے۔ طلباء نے حکومت کو دو دن کی مہلت دی تھی کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہیں گئےتو وہ اسلام آباد کی طرف پیدل مارچ کرینگے۔

بہاؤالدین زکریا  یونیوسٹی گیٹ کے سامنے 40 روزہ دھرنے کے بعد طلباء نے اسلام آباد کی طرف پیدل لانگ مارچ کا آغاز کر دیا ہے، لانگ مارچ کی پہلی منزل لاہورہوگی ۔وہاں پر موجود بلوچ اسٹوڈنس کونسل، پشتون سٹوڈنٹ کونسل ،پروگریسو سٹوڈنٹس کولیکٹو و دیگر تنظیموں کے طلباء انکا استقبال کریں گے اور اس قافلے میں شامل ہوں گے۔ لانگ مارچ میں شریک بلوچ طلباء نے کہا کہ ہم نے یہ اقدام انتہائی مجبوری میں اٹھایا ہے، تاکہ حکومت وقت بیدار ہو جس نے انکے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کیا ہے۔ مارچ کے شرکاء کا کہنا ہے کہ بلوچ طلباء کو اپنے تعلیم کے لیے ہمیشہ احتجاج، ریلی، بھوک ہڑتال جیسے اقدامات کرنے پڑتے ہیں۔ ہمارے لانگ مارچ کی سیکورٹی کے لیے ابھی تک انتظامیہ نے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا ہے۔ آخری اطلاعات تک لانگ مارچ کے شرکاء خانیوال ہائی وے تک پہنچ چکے تھے۔

یاد رہے کہ ادھر لاہور میں پنجاب یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے بلوچستان اور فاٹا کے طلباء بھی سکالرشپس کی بحالی کیلئے گزشتہ 14 دن سے یونیورسٹی گیٹ پر دھرنا دے رہے ہیں۔ مارچ کے شرکاء لاہور پہنچ کر اس دھرنے میں بھی شریک ہوں گے۔