Get Alerts

مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت پر بھاری جرمانے عائد

مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت پر بھاری جرمانے عائد
مسلم لیگ (ن) ضلع گوجرانوالہ کی اعلیٰ قیادت پر بھاری جرمانے عائد کر دیئے گئے ہیں۔ ان رہنمائوں میں خرم دستگیر کے والد غلام دستگیر خان، مدثر قیوم ناہرہ، مظہر قیوم ناہرہ اور ناہرہ برادران کے عزیز شہباز احمد چٹھہ شامل ہیں۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ ان لیگی رہنماؤں پر سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ کرنے پر کروڑوں روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ متعلقہ محکموں کی طرف سے بھاری جرمانوں کی وصولی کے لئے مراسلے جاری کر دیئے گئے ہیں۔

محکمہ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ جرمانوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں جائیداد کی نیلامی اور گرفتاریوں کا عمل شروع کیا جائے گا۔ سابق ایم این اے غلام دستگیر خان کو 2 کروڑ 51 لاکھ تاوان کا نوٹس محکمہ ہائی وے نے جاری کردیا ہے۔ غلام دستگیر خان کو اینٹی کرپشن کی انکوائری کی بنیاد پر نوٹس جاری ہوا۔



غلام دستگیر خان نے محکمہ ہائی وے کی زمین پر غیر قانونی پیٹرول پمپ تعمیر کیا تھا جسے پہلے ہی گرا دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ مدثر قیوم ناہرہ اور مظہر قیوم ناہرہ کو 6 لاکھ 36 ہزار جرمانے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ یہ نوٹس سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کی وجہ سے اینٹی کرپشن کی انکوائری کے بعد جاری کیا گیا۔

دوسری جانب ناہرہ برادران کے عزیز شہباز احمد چٹھہ کو بھی 2 کروڑ 40 لاکھ جرمانے کا نوٹس جاری کیا گیا۔ شہباز احمد چٹھہ نے 417 کنال سرکاری زمین پر قبضہ کیا تھا۔ انھیں یہ نوٹس سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ کی مد میں کیا گیا۔