Get Alerts

لوگ میری کہانی بھی سنیں، پہلی بیوی کے نام کروڑوں کے گھر کئے، بی ایم ڈبلیو گاڑی بھی دی

لوگ میری کہانی بھی سنیں، پہلی بیوی کے نام کروڑوں کے گھر کئے، بی ایم ڈبلیو گاڑی بھی دی
پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ لوگ پہلی بیوی سے طلاق کی بات تو کرتے ہیں، لیکن میری سٹوری نہیں جانتے۔ لوگ کہانی کا دوسرا رخ بھی دیکھیں، صرف ایک رخ دیکھ کر اس پر رائے قائم نہ کریں۔

عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ میں جب یہ چیزیں پڑھتا ہوں تو بہت دکھ ہوتا ہے کہ دیکھو فلاں نے اسے چھوڑ دیا تو دیکھو کیسی ترقی کر گئی۔ وہ تن تنہا بچوں کو پال پوس کر بڑا کر رہی ہے۔

ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو میں عامر لیاقت نے بتایا کہ کہانی کا دوسرا رخ یہ ہے کہ بچوں کو میں نے پڑھایا اور پڑھا رہا ہوں۔ میری پہلی اہلیہ 8 کروڑ کے گھر میں رہتی ہیں جو میں نے ان کے نام کر دیا تھا۔ ایک دوسرا گھر جس کی مالیت 2 کروڑ روپے ہے، اس کا کرایہ بھی ان ہی کو جاتا ہے۔

https://twitter.com/FaiziHere10/status/1492088528158736387?s=20&t=qn8sMAVLIgXm7_wHTvjaTQ

ان کا کہنا تھا میں نے اپنی پہلی اہلیہ کو بی ایم ڈبلیو گاڑی دلائی۔ انہوں نے اسے بیچ کر پیسے بھی اپنے پاس ہی رکھے ہوئے ہیں۔ دو ماہ قبل انہوں نے خود طلاق کا اعلان کیا لیکن اس کے باوجود میں انھیں ماہانہ اخراجات دے رہا ہوں۔

عامر لیاقت نے کہا کہ میرے بچے پانچ مرتبہ امریکا میں ڈزنی لینڈ جا چکے ہیں۔ پانچ مرتبہ حج کر چکے ہیں۔ میں نے اپنی اہلیہ کو بھی 5 حج کروائے۔ ان کے والد کے انتقال پر میں نے انھیں خانہ کعبہ کے پانی سے غسل دلوایا اور عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں اپنے لئے جو قبر کی جگہ مخصوص کی ہوئی تھی، ان کو دیدی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں یہ تمام باتیں کبھی کسی کو نہیں بتانا چاہتا تھا لیکن آج بتانے پر مجبور ہو چکا ہوں۔ میری بشریٰ سے جب شادی ہوئی تو اس نے بی کام کیا ہوا تھا۔ میں نے اسے ماسٹرز کروایا۔ وہ جب یونیورسٹی میں تعلیم لینے جاتیں تو میں اپنے بچوں کو سنبھالتا تھا۔