Get Alerts

”آرمی ایکٹ کی منظوری سے دکھ ہوا، پیپلز پارٹی ووٹ دینے کے حق میں نہیں تھی،نواز شریف نے پھرتی دکھائی“

”آرمی ایکٹ کی منظوری سے دکھ ہوا، پیپلز پارٹی ووٹ دینے کے حق میں نہیں تھی،نواز شریف نے پھرتی دکھائی“
 پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے (ن) لیگی ارکان کے ووٹ دے کر این آر او کیا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنی الگ سیاست کررہے ہیں، وہ ایک نوجوان سے قد آور سیاستدان کی جانب بڑھے ہیں اور ملک کے دیگر تمام سیاستدانوں پر سبقت لے گئے ہیں، سانحہ کارساز کے بعد میں نے کہا تھا کہ بلاول کو پارٹی سنبھال لینی چاہیے، کئی پارٹی رہنما چاہتے ہیں کہ بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کا مکمل کنٹرول سنبھالیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا ملک میں بد قسمتی سے سویلین بالادستی کبھی نہیں رہی، آرمی ایکٹ کی منظوری سے مجھے بہت دکھ ہوا، پیپلز پارٹی ووٹ دینے کے حق میں نہیں تھی ، آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر نواز شریف نے پھرتی دکھائی، میں 1985 سے نواز شریف پر اعتبار نہیں کرتا، انہوں نے ایک لمبا خط خواجہ آصف کو بھیجا۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف کس بات کے تحت ملک سے باہر گئے؟، عمران خان این آر او نہ ہونے کی بات کرتے ہیں مگر این آر او تو ہوگیا، نوازشریف نے مسلم لیگ (ن) اور ایم این ایز کے ووٹ بیچ دئیے، انہوں نے پیسے نہیں دئیے بلکہ 80 ایم این ایز کے ووٹ دے کر این آر او کیا۔