اگلے تین روز میں ملک میں پیٹرول کی صورتحال بہتر ہوجائے گی، وفاقی وزیر پیٹرولیم کی عوام کو تسلی

اگلے تین روز میں ملک میں پیٹرول کی صورتحال بہتر ہوجائے گی، وفاقی وزیر پیٹرولیم کی عوام کو تسلی
وفاقی وزیر پیٹرولیم عمر ایوب نے کہا کہ آئندہ 3 روز میں ملک میں پیٹرول کی صورتحال بہتر ہوجائے گی۔

پشاور ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مافیا پیٹرول کے ذخائر کی ذخیرہ اندوزی کر رہا ہے۔ ڈیزل وافر مقدار میں موجود ہے اور پیٹرول کے بھی 10 دن کے ذخائر موجود ہیں۔ کمپنیوں کی جانب سے پیٹرول نہ پہنچانے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ حکومت نے قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائے ہیں لیکن یہ مافیا عوام تک ثمرات پہنچنے میں خلل ڈال رہی ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ ان مافیا کے خلاف پہلی دفعہ کارروائی ہو رہی ہے اور اگلے تین دن میں پیٹرول کی صورت حال بہتر ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پشاور میں ذخائر پکڑ کر ایف آئی آر درج کی گئیں، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور حکومت مل کر آپریشن کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت ملک میں پیٹرول کی مانگ گذشتہ برس جون کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہے اور ہم ذخیرہ اندوزوں کو خبردار کرتے ہیں کہ فراہمی نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔