'اداروں نے عمران خان سے کہا تھا، پتہ ہوتا کہ آپ اتنے نالائق ہیں تو کبھی اقتدار میں نہ لاتے'

'اداروں نے عمران خان سے کہا تھا، پتہ ہوتا کہ آپ اتنے نالائق ہیں تو کبھی اقتدار میں نہ لاتے'
پی ٹی آئی کے سابق رہنما نذیر چوہان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو اداروں نے بار بار کہا کہ اپنی کارکردگی درست کریں اور عثمان بزدار کو تبدیل کریں لیکن انہوں نے کبھی ان کی بات نہیں سنی اور وسیم اکرم پلس کو وزیراعلیٰ پنجاب بنائے رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کے دور میں وزیراعلیٰ ہائوس کرپشن کا گڑھ تھا۔ ایک ایک بندے کیلئے وہاں پر ڈیل ہوتی تھی۔ میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان نے اس شخص کو وزیراعلیٰ پنجاب بنایا ہی اس لئے تھا۔

سماء ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ یہ کرپشن عثمان بزدار کو آگے کرکے کوئی اور کر رہا تھا۔ ابھی پتہ نہیں کرپشن کے اور کتنے کیسز سامنے آنے والے ہیں۔ فرح گوگی جیسے بے شمار قصے نکلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو وسیم اکرم پلس کہتے تھے لیکن اتنی خراب کارکردگی کے باوجود کبھی ان کو تبدیل نہیں کیا گیا۔ حتیٰ کہ اداروں تک نے ان کو کہا تھا کہ یہ آپ کیا کر رہے ہیں؟ ہم تو انگلی پکڑ کر آپ کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ اگر پتہ ہوتا کہ آپ اتنے نالائق ہیں تو کبھی آپ کو لے کر نہ آتے۔ لیکن ہمارے کہنے پر کم از کم بزدار کو تو بدل دو۔

نذیر چوہان نے دعویٰ کیا کہ اداروں کی جانب سے عمران خان سے کہا گیا کہ عثمان بزدار کو تو پتہ تک نہیں کہ حکومت چلانا کسے کہتے ہیں۔ یہ باتیں پی ٹی آئی چیئرمین کو تین مرتبہ کہی گئیں۔ ایک مرتبہ تو میرے سامنے کہا گیا۔

https://twitter.com/pmln_org/status/1535541777054044160?s=20&t=Eysfxecx27I4MQ3s6S4cVg

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کو اگر ٹھیک کرنا ہوتا تو اس کیلئے سب سے قابل شخص عبدالعلیم خان تھا۔ اس میں آخر کس چیز کی کمی تھی۔ وہ ایسے شخص ہیں جو عوام کو ڈیلیور کر سکتے تھے۔ وہ پی ٹی آئی کو جوڑ سکتے تھے۔ لیکن ان کی قربانیوں کا یہ نتیجہ دیا کہ عمران خان صاحب نے خود ان پر پرچہ کٹوا دیا۔ اس کے علاوہ مجھ پر بھی ایف آئی آر درج کروا کے معافی منگوائی گئی۔ عمران خان نے خود کال کرکے کہا کہ شہزاد اکبر سے معافی مانگو۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد فیاض الحسن چوہان میرے پاس آئے اور پیغام دیا کہ عمران خان صاحب کی ہدایت ہے کہ فوری طور پر صلح کرو۔ میری وہاں پر ویڈیو ریکارڈنگ کرکے عمران خان کو بھیجی گئی۔

نذیر چوہان نے ایک دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت ایسا آیا کہ 2014 کے دھرنے میں لوگ ہی کوئی نہیں تھے۔ میں صورتحال دیکھتے ہوئے میں لاری اڈے پر گیا اور وہاں موجود لوگوں اور مزدوروں کو پانچ پانچ سو دے کر ساتھ چلنے پر راضی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا لوٹا تو عمران خان خود ہے جس نے صرف پانچ سیٹوں کیلئے پی ٹی آئی کے تمام لوگوں کو بیچ دیا۔