Get Alerts

ایک ایسی ملازمت جو ہر کوئی کرنا چاہے

ریلوے سٹیشن کے گھڑیال کی روشنیاں جلانے اور بند کرنے کی تنخواہ تین لاکھ روپے

آپ کو اگر ایک ایسی ملازمت کی پیشکش کی جائے جس کی تنخواہ بھی اچھی خاصی ہو اور ملازمت کا کنٹریکٹ عمر بھر کا ہو تو ظاہر ہے، آپ ایسی ملازمت ضرور کرنا چاہیں گے۔

سویڈش حکومت ان دنوں ایک ایسے ہی امیدوار کی تلاش میں ہے جسے یہ ذمہ داری سونپی جا سکے۔

منتخب ہونے والے امیدوار کی ذمہ داری یہ ہو گی کہ اسے روزانہ سویڈن کے شہر یتے بوری میں زیرتعمیر ریلوے سٹیشن جانا ہوگی اور گھڑیال پر ضرب لگانا ہو گی جس سے اس پر لگی لائٹیں روشن ہو جائیں گی اور لوگ یہ جان جائیں گے کہ مذکورہ شخص ملازمت پر پہنچ چکا ہے جس کے بعد ملازم کو چھٹی کرنے کی اجازت ہوگی۔ ایسا ہی اسے اس وقت بھی کرنا ہو گا جب وہ اپنی ڈیوٹی ختم کرنا چاہتا ہوگا۔ وہ دوبارہ گھڑیال پر ضرب لگائے گا جس سے لائٹس بند ہو جائیں گی۔



اس دوران مذکورہ ملازم کو سٹیشن پر رُکے رہنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ وہ بتیاں روشن کرکے کہیں بھی آ جا سکتا ہے۔ دلچسپ طور پر یہ ملازمت مستقل ہوگی اور منتخب ہونے والا امیدوار اپنے مستقبل کے حوالے سے بے فکر ہو جائے گا۔ منتخب امیدوار کی تنخواہ 2320 ڈالر ہو گی جو پاکستانی سوا تین لاکھ روپے بنتے ہیں جس کے ساتھ چھٹیاں، تنخواہ میں سالانہ اضافہ، ریٹائرمنٹ پر پنشن اور دیگر فوائد بھی دیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ یتے بوری ریلوے سٹیشن ڈیزائن کرنے پر ساڑھے سات لاکھ ڈالر کا انعام رکھا گیا تھا۔ یہ مقابلہ سویڈن کے دو انجینئرز نے ہی جیتا اور انہوں نے انعامی رقم اس دلچسپ ملازمت کے لیے وقف کرنے کا فیصلہ کیا جس میں منتخب امیدوار محض ریلوے سٹیشن کی روشنیاں جلانے اور بند کرنے کا کام کرے گا۔ یوں یہ رقم کسی بھی ملازم کو 120 برس تک تنخواہ  دینے کے کام آ سکتی ہے۔