Get Alerts

لاپتا اداکارہ رائمہ اسلام کا قتل، بوری بند لاش برآمد

لاپتا اداکارہ رائمہ اسلام کا قتل، بوری بند لاش برآمد
بنگلا دیش کی مشہور اداکارہ رائمہ اسلام کو بے دردی سے قتل کرکے لاش کے ٹکڑے بوری میں بند کر کے پھینک دیے۔ پولیس نے شک کی بنا پر ان کے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔

اداکارہ رائمہ اسلام کی لاش ڈھاکہ کے کیرانی گنج میں ایک پل کے قریب بوری میں بند برآمد کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ گذشتہ کچھ دنوں سے لاپتا تھیں۔ پولیس کی جانچ میں انکشاف ہوا کہ اس علاقہ کے لوگوں نے پیر 17 جنوری کو قدم ٹولی علاقہ میں علی پور پل کے قریب اداکارہ کی لاش دیکھی تھی اور اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ رائمہ کے جسم پر زخموں کے نشانات پائے گئے ہیں۔

رائمہ اسلام کے جسم پر پائے جانے والے زخموں کے نشانات سے پولیس کو یقین ہوگیا کہ اتوار کو مجرموں نے انہیں قتل کیا ہوگا اور اس کے بعد لاش پھینک دی ہوگی۔ ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سر سلیم اللہ میڈیکل کالج اسپتال میں بھیج دیا گیا ہے اور معاملہ کی جانچ کی جارہی ہے ۔

ڈھاکہ پولیس نے اس معاملہ میں اداکارہ کے شوہر اور اس کے دوست سمیت 6 افراد کو حراست میں لیا ہے ۔ منگل کی دوپہر پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ رائمہ اسلام شیمو کے شوہر سخاوت ، اس کے دوست اور ڈرائیور کو تین روزہ ریمانڈ پر لیا گیا تھا ، جس کے بعد اس نے گھریلو جھگڑے کی وجہ سے رائمہ کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے ۔

اس سے قبل رائمہ اسلام شیمو کے لاپتہ ہونے کے بعد اس کے رشتہ داروں نے اتوار کو کالاباغان پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی ۔ پولیس نے غیر فطری موت کا مقدمہ بھی درج کر لیا اور اداکارہ کے شوہر سخاوت علی نامی شخص کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا ۔ علی کے ساتھ اس کے ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا گیا ۔ حالانکہ کہا جا رہا ہے کہ شیمو کے شوہر نے ہی اتوار کو کالا باغان پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ بیوی لاپتہ ہے ۔

قابل ذکر ہے کہ رائمہ اسلام شیمو کی عمر 45 سال تھی ۔ انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز 1998 میں فلم 'برتمان' سے کیا تھا ۔ اس کے بعد انہوں نے 25 فلموں میں کام کیا ہے ۔ وہ بنگلا دیش فلم آرٹسٹ ایسوسی ایشن کی ایسوسی ایٹ ممبر تھیں ۔ فلموں کے علاوہ انہوں نے ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کیا اور پروڈکشن میں بھی ہاتھ آزمایا تھا ۔