اسلام آباد پولیس نے گزشتہ رات پارلیمنٹ لاجز سے حراست میں لیے گئے جمعیت علماء اسلام ف کے کارکنوں اور اراکین قومی اسمبلی کو رہا کر دیا گیا۔
جے یو آئی ف کے تمام کارکنوں کو شخصی ضمانت اور ضمانتی مچلکوں پر رہا کیا گیا جس کے بعد جےیوآئی ف کے تمام کارکن اور دونوں ایم این ایز تھانہ آبپارہ سے روانہ ہو گئے۔
رہائی سے قبل جے یو آئی ف کے گرفتار کارکنان کو جیل وین میں تھانہ آبپارہ منتقل کیا گیا تھا۔
جے یو آئی ف کے ترجمان اسلم غوری نے بھی سوشل میڈیا پر تمام پارٹی کارکنان کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے پی ڈی ایم اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد پولیس نے جے یو آئی ف کی رضاکار تنظیم انصار الاسلام کے کارکنوں کی موجودگی میں پارلیمنٹ لاجز میں جے یو آئی رکن اسمبلی صلاح الدین ایوبی کے گھر کے دروازے توڑ کر آپریش کیا تھا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کی کمانڈ میں ہونے والے آپریشن میں ممبران قومی اسمبلی اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی دیکھنے میں آئی اور پولیس نے 30 منٹ تک جاری رہنے والے آپریشن میں جے یو آئی کے دو ایم این ایز سمیت متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔
پارلیمنٹ لاجز میں پیش آنے والے واقعے کے بعد مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی ف کے کارکنوں کو ملک بھر میں سڑکیں جام کرنے اور اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پولیس نے مجھے گرفتار کیا تو پھر دما دم مست قلندر ہو گا۔
مولانا فضل الرحمان کے اعلان کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں جے یو آئی کے کارکنوں نے دھرنا دیتے ہوئے شاہرائیں بلاک کر دی تھیں جس سے شدید ٹریفک جام ہو گیا تھا۔