سابق کپتان انضمام الحق نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے سابق کوچ باب وولمر انتقال سے قبل کلمہ طیبہ پڑھ کر مسلمان ہو چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرنے سے چار دن قبل باب وولمر نے کلمہ پڑھا تھا۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ میں اور سابق لیگ سپنر مشتاق احمد نیٹ پریکٹس کر رہے تھے کہ اچانک باب وولمر نے مجھ سے مخاطب ہو کر پوچھا کہ یار یہ مسلمان ہونے کیلئے کیا طریقہ اختیار کیا جاتا ہے؟
انضمام الحق نے بتایا کہ میں نے ان سے کہا کہ مسلمان ہونے کیلئے سب سے پہلے وضو کیا جاتا ہے اور اس کے بعد کلمہ پڑھتے ہیں۔ تاہم انہوں نے پھر سوال دہرایا کہ مجھے بتائو کہ آخر وہ کون سا کلمہ ہے جو مسلمان ہونے کیلئے لازم ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ یہ سنتے ہی مشتاق احمد نے تیزی سے کلمہ پڑھنا شروع کیا تو باب وولمر نے انھیں کہا کہ زرا آرام سے پڑھیں کیونکہ میں بھی آپ کیساتھ اسے دہرانا چاہتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ مشتاق احمد نے آہستگی کیساتھ کلمہ طیبہ پڑھا تو باب وولمر نے اس کیساتھ ساتھ اسے دہرایا۔ انضمام الحق نے کہا کہ ہم گواہ ہیں کہ سابق پاکستانی کوچ نے کلمہ پڑھا تھا لیکن اللہ تعالیٰ ہی دلوں کے حال بہتر جانتا ہے۔ اللہ کرے کہ وہی کلمہ قبول فرما لیا جائے، اس سے شاید ان کی مغفرت ہو جائے۔
خیال رہے کہ باب وولمر کو اس دنیا سے رخصت ہوئے 14 برس بیت چکے ہیں۔ ان کا شمار دنیائے کرکٹ کے کامیاب ترین کوچز میں کیا جاتا ہے۔ رابرٹ اینڈریو وولمر 14 مارچ 1948ء کو بھارت کے شہر کانپور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نےانگلینڈ کی جانب سے 19 ٹیسٹ اور چھ ون ڈے میچ کھیلے لیکن ان کی وجہ شہرت ان کا ٹیسٹ کیرئیر نہیں بلکہ ان کی کوچنگ رہی۔
باب وولمر نے 1990ء کی دہائی میں جنوبی افریقی ٹیم کی کوچنگ کی۔ ان کی جدید انداز کی ٹریننگ کی بدولت بہت کم عرصےمیں جنوبی افریقا دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمار کی جانے لگی۔
بھارت سے 2004ء میں ون ڈے اور ٹیسٹ میں شکست کے بعد باب وولمر کو جاوید میاں داد کی جگہ پاکستان ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا۔ ان کی کوچنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2005ء میں بھارتی سرزمین پر ناصرف ٹیسٹ سیریز ڈرا کی بلکہ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 2-4 سے کامیابی اپنےنام کی۔
باب وولمر دس ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم کے کوچ رہے، ان دس میں سے پاکستانی ٹیم نے چار میں فتح ،تین میں شکست اور تین ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے، اس کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم نے ان کی دور کوچنگ میں37 ون ڈے میچزجیتے،29 ہارے اور تین ڈرا کیے۔
ویسٹ انڈیز میں 17 مارچ 2007ء کو ورلڈ کپ میں پاکستان کو انتہائی کمزور تصور کی جانے والی آئرلینڈ کی ٹیم سے شکست کا سامناکرنا پڑا تھا۔ جس پرشائقین کرکٹ نےٹیم کی ناقص کارکردگی پرشدید غم وغصے کا اظہارکیا تھا۔
اس میچ کے اگلے ہی روز پاکستانی کوچ باب وولمر ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ ان کی موت پر شکوک و شہبات ظاہر کئے گئے تاہم جمیکا پولیس کی جانب سے ان کی موت کو فطری قرار دیا گیا۔
بعد از وفات حکومت پاکستان نے باب وولمر کو اعلیٰ ترین شہری اعزاز ستارۂ امتیاز عطا کیا اور پی سی بی ہیڈ کوارٹرز، لاہور میں موجود عالمی معیار کی انڈور کرکٹ اکیڈمی بھی باب وولمر سے ہی منصوب کردی۔