ورلڈ کپ ٹیم میں شمولیت پر پریس کانفرنس سے خطاب میں وہاب ریاض نے کہا ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے خواب میں آکر کہا کہ تم سلیکٹ ہوگئے۔ اس کو کوئی سفارشی کہہ رہا ہے تو کوئی کہتا ہے کہ میرا تکا لگ گیا ہے،اب جو بھی لگا ہے سب میرے لئے دعا کریں۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ 2سال قومی ٹیم سے باہر رہ کر بہت کچھ سیکھا ہے، پہلے سے پختہ کار بولر بن گیا ہوں، کوشش ہوگی کہ میرا تجربہ ٹیم کے کام آئے،انگلینڈ کی کنڈیشنز میں ون ڈے کرکٹ نہیں کھیلا ،ٹیسٹ میچز کی وجہ سے وہاں کی پچز اور ماحول کا اندازہ ہے،قومی ٹیم کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے مجھے شامل کیا گیا،ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل کھیلنے کی وجہ سے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار ہوں، کوشش ہوگی کہ توقعات پر پورا اتروں۔
وہاب ریاض نے کہا کہ انگلینڈ میں وکٹیں خشک ہوں گی اور ریورس سوئنگ کرنے والوں کو کامیابی حاصل ہوگی۔ انکا کہنا تھا کہ میرے والد کی بہت خواہش تھی کہ ورلڈکپ کھیلوں، فیلڈنگ کی وجہ سے انگلینڈ کو ون ڈے سیریز میں پاکستان پر حاوی ہونے کا موقع ملا۔