پی ایس ایل: ڈیرن سیمی اب پشاور زلمی کے لیے نہیں کھیلیں گے، وہاب ریاض کپتان مقرر

پی ایس ایل: ڈیرن سیمی اب پشاور زلمی کے لیے نہیں کھیلیں گے، وہاب ریاض کپتان مقرر
پاکستان سپر لیگ کی سب سے مقبول فرنچائز پشاور زلمی نے لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے درمیان ہی ڈیرن سیمی کو قیادت سے ہٹا کر وہاب ریاض کو ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 2017 کی فاتح پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے درمیان ہی ڈیرن سیمی کو قیادت سے ہٹا کر فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کو قیادت سونپ دی ہے۔ پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کو قیادت سے ہٹا کر آئندہ دو سال کے لیے ہیڈ کوچ کا منصب سونپ دیا ہے جبکہ محمد اکرم کو ٹیم ڈائریکٹر اور باؤلنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔



یاد رہے کہ ڈیرن سیمی کو قیادت سے ایک ایسے موقع پر ہٹایا گیا ہے جب دو دن قبل ہی سیمی کے فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی سے اختلافات کی خبریں میڈیا کی زینت بنی تھیں۔ پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف میچ میں انجری کا شکار کپتان ڈیرن سیمی کو نہیں کھلایا تھا اور ان کی جگہ فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کپتان کے روپ میں نظر آئے تھے۔



تاہم بعدازاں سابق ویسٹ انڈین کپتان نے اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے پشاور زلمی ان کا ʼبے بیʼ ہے اور کوئی چیز ان کے درمیان نہیں آسکتی۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ مجھے یقین نہیں آرہا ہے کہ میڈیا یہ سوچے گا کہ میرے اور میرے بھائی جاوید آفریدی کے درمیان کوئی مسئلہ ہوگا، میں درحقیقت اس پر ہنس رہا ہوں، سن لیں کہ مجھے اس شخص سے بالکل اپنے بھائی کی طرح محبت ہے۔